خبریں

ہماچل پردیش راشن دینے کا جھانسہ دے کر پولیس اہلکار کے ذریعےخاتون مزدور سے ریپ کا الزام

یہ معاملہ بلاس پور کا ہے۔ پولیس نے ملزم پولیس اہلکار کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔

بلاس پور (فوٹو: گوگل میپ)

بلاس پور (فوٹو: گوگل میپ)

نئی دہلی: ہماچل پردیش کے بلاس پور میں ایک پولیس اہلکار پرخاتوں  مزدور نے ریپ کا الزام لگایا ہے۔خبررساں ایجنسی اےاین آئی کی رپورٹ کے مطابق، متاثرہ خاتون  کا الزام ہے کہ پولیس اہلکار نے راشن دینے کا جھانسہ  دےکر اس کے ساتھ ریپ کیا۔ پولیس نے ملزم پولیس اہلکار کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق، متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ پولیس اہلکار اجئے کمار جمعہ  کوخاتون  کے گھر آیا اور انہیں راشن دلانے کا جھانسہ  دےکر اپنے ساتھ لے گیا۔پولیس اہلکار نے خاتو ن  کو اپنے ساتھ سڑک پر کھڑی اس کی جیپ تک چلنے کو کہا تاکہ جیپ میں رکھا راشن اس کو دے سکے۔ جب متاثرہ  گاڑی  تک پہنچی تو اس نے دیکھا جیپ میں ڈرائیور سیٹ پر ایک شخص پہلے سے بیٹھا ہے۔

متاثرہ خاتون  کا الزام ہے کہ پولیس اہلکار زبردستی انہیں اپنے کوارٹر پر لے گیا، جہاں اس کا ریپ کیا گیا اور بعد میں اسے گھمارویں میں چھوڑ دیا۔خاتون کی شکایت پر برمانا تھانہ میں تعینات پولیس اہلکار کے خلاف آئی پی سی کی مختلف  دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔

بلاس پور کے ڈی ایس پی سنجے شرما نے معاملے کی تصدیق  کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے متاثرہ  کی شکایت کی بنیاد پر ملزم اجئے کمار کو گرفتار کر لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون  کا میڈیکل کروایا گیا ہے اور آگے کی جانچ جاری ہے۔