‘نیا بھارت’ ویڈیو کے بعد درج معاملے میں اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کو مدراس ہائی کورٹ نے پیشگی ضمانت دی ہے۔ دریں اثنا، پونے میں مبینہ طور پر شیو سینا (یو بی ٹی) کی جانب سے لگائے گئے ایکناتھ شندے کے کارٹون والے پوسٹر پربھی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

(بائیں سے) ایکناتھ شندے کا پونے میں لگا کارٹون، کنال کامرا اور ایکناتھ شندے۔ (تمام تصاویر بہ شکریہ: ایکس)
نئی دہلی: مدراس ہائی کورٹ نے اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کو عبوری پیشگی ضمانت دے دی ہے، جو 7 اپریل تک لاگو رہے گی۔ کامراسے متعلقہ مجسٹریٹ کے سامنے ضمانتی بانڈے بھرنے کو کہا گیا ہے۔
لائیو لاء کے مطابق ، کنال کامرا نے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف اپنے مبینہ ریمارکس کے لیے ان کے خلاف درج ایف آئی آر کے معاملے میں ٹرانزٹ پیشگی ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان کی درخواست آج صبح (28 مارچ) ہنگامی سماعت کے تحت لی گئی۔
پچھلے کچھ دنوں سے کامرا اپنے نئے ویڈیو کی وجہ سے تنازعات میں ہیں۔ ایکناتھ شندے کے خلاف مبینہ ریمارکس پر کامراکے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اگرچہ کامرا نے اپنے شو میں شندے کا نام نہیں لیا تھا، لیکن شندے کے حامیوں نے ان کے خلاف احتجاج کیا اور ممبئی کے اس اسٹوڈیو میں توڑ پھوڑ کی جہاں کامرا کا شو منعقد کیا گیا تھا۔
کامرا نے اسی شو کا ویڈیو 23 مارچ کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کیا اور تنازعہ شروع ہوگیا۔
دریں اثنا، انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ، 26 مارچ کو پونے پولیس نے ایک اور ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ ایف آئی آر پونے میں الکا ٹاکیز پل کے قریب لگائے گئے پوسٹر کے سلسلے میں درج کی گئی ہے۔ پوسٹر پر ایکناتھ شندے کا کارٹون بنا تھا۔
کامرا کے خلاف مقدمہ کس نے درج کرایا؟
لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق، کامرا کی پیشگی ضمانت کی درخواست اس زیرو ایف آئی آر سے متعلق ہے، جو شیوسینا کے ایم ایل اے مراری پٹیل کی طرف سے ان کے خلاف درج کرائی گئی تھی۔ ایف آئی آر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 353 (1) (بی) (عوامی طور پر شرپسندی)، 353 (2) اور 356 (2) (ہتک عزت) کے تحت درج کی گئی تھی۔ بعد میں یہ معاملہ ممبئی کے کھار پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کامرا تمل ناڈو کے ویلوپورم ضلع کے مستقل رہائشی ہیں۔ لہذا، ان کی ضمانت کی عرضی مدراس ہائی کورٹ میں دائر کی گئی، کیونکہ یہ ان کی رہائش گاہ کے عدالتی دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
پوسٹر کس نے لگایا؟
پونے پولیس نے ایکناتھ شندے کے کارٹون والے پوسٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ ایف آئی آر پونے میونسپل کارپوریشن کے افسر راجندر کیوٹے کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ یہ شکایت 26 مارچ کو وشرام باغ پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔
پوسٹر میں ایکناتھ شندے کا کارٹون تھا جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا مہاراشٹر میں ‘تھانے، رکشہ، چشمہ، داڑھی، گوہاٹی اور غدار’ جیسے الفاظ پر پابندی لگا دی گئی ہے؟ یہ پوسٹر کنال کامرا کے شو اور اس سے جڑے تنازعات کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔ کامرا نے اپنے شو میں ایک پیروڈی گانا گایا تھا جس میں یہ الفاظ استعمال کیے گئےتھے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، یہ پوسٹر شیو سینا (اُدھو ٹھاکرے) کی پونے یونٹ نے لگایا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مہاراشٹر پریوینشن آف ڈیفیسمنٹ آف پراپرٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
Categories: خبریں