خبریں

کچھ نالائق لیڈروں نے داڑھی والوں کو یہاں روک دیا اس لئے ہم مصیبت میں ہیں : بی جے پی ایم ایل اے

مظفرنگر میں ایک پروگرام میں بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی نے کہا کہ ملک کا نام ہندوستان ہے یعنی ہندوؤں کا ملک۔

Photo: ANI

Photo: ANI

 نئی دہلی :مسلمانوں کو لےکر اوٹ پٹانگ بیان دینے والے بی جے پی لیڈروں کی فہرست میں ایک اور نام کا اضافہ  ہو گیا ہے۔ راجستھان کے الور سے بی جے پی ایم ایل اے بنواری لال سنگھل کے مسلمانوں کے بارے میں متنازع بیان دینے کے بعد اب اترپردیش کے کھتولی سے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی نے مسلمانوں پر نشانہ سادھا ہے۔

اے این آئی کی خبر کے مطابق مظفرنگر میں ایک پروگرام میں انہوں نے کہا، ‘ میں کٹّر ہندوتواوادی ہوں۔ ہمارے ملک کا نام ہندوستان ہے، یعنی یہ ہندوؤں کا ملک ہے۔ کچھ نالائق لیڈروںنے ان داڑھی والوں کو یہاں روک دیا تھا، تو آج ہم مصیبت میں ہیں۔ یہ بھی اگر چلے جاتے تو یہ ساری دھن دولت اور زمینیں ہم لوگوں کی ہوتیں۔ ‘

سینی نے دبی زبانوں میں پچھلی ریاستی حکومت پرجانب داری  کا الزام لگاتے ہوئے کہا، ‘ آپ نے اقتدار پہلے بھی دیکھی تھی، اب بھی دیکھ رہے ہیں۔ آج بغیرذات۔پات کےامتیاز کے یکساں طورپر فائدہ ملتا ہے۔ اب سے پہلے جتنی لمبی داڑھی ہوتی تھی، اتنا لمبا چیک۔ ‘

سینی نے یہ بات مظفرنگر ضلع میں کہی جو فرقہ وارانہ طور پرحساس مانا جاتا ہے۔ معلوم ہو کہ سال 2013 میں مظفرنگر میں ہوئے تشدد کے وقت وکرم سینی کو نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ان پر اشتعال انگیز تقریر اور فسادات کا الزام ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سینی کسی بیان کو لےکر تنازع میں آئے ہیں۔ بیتے سال یوگی حکومت کےاقتدار میں آتے ہی غیر قانونی مذبح خانوں پر کارروائی کرنے کے مسئلے پر انہوں نے کہا تھا، ‘ جن لوگوں کو وندے ماترم اور بھارت ماتا کی جے کہنے میں دقت ہے اور جو لوگ گائے کو اپنی ماں نہیں مانتے ہیں اور ان کا قتل کرتے ہیں ان کے ہاتھ-پیر توڑنے کا میں نے وعدہ کیا تھا۔ ہم اپنا وعدہ پورا کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہمارے پاس نوجوانوں کی ٹیم ہے جو ایسے آدمیوں کے خلاف کارروائی کرے‌گی۔ ‘

میگزین کی خبر کے مطابق نئے سال پر سینی سماج کی اعزازی تقریب میں جب وکرم سینی نے یہ بیان دیا تب منچ پر اترپردیش ریاستی حکومت کے وزیر دھرم سنگھ سینی بھی  موجود تھے۔

وکرم سینی نے نہ صرف مسلمانوں بلکہ عیسائیوں پر بھی تبصرہ کیا۔ انہوں نے نئے سال کے جشن پر کہا کہ یہ عیسائیوں کا تہوار ہے۔ جو لوگ صبح سے مجھے مبارکباد دینے کے لئے فون کر رہے ہیں، ان کو بھی میں نے یہی بات سمجھائی ہے۔