خبریں

مودی حکومت کے 4 سال عوام مخالف فیصلوں کے سال تھے : اپوزیشن

مودی حکومت کو چار سال کا جشن منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔یہ حکومت بد عنوانی، کالے دھن، مہنگائی، دہشت گردی اور خارجہ پالیسی کو لےکر پوری طرح ناکام رہی ہے۔

فائل فوٹو : پی ٹی آئی

فائل فوٹو : پی ٹی آئی

نئی دہلی :بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ حکومت ہر مورچے پر ناکام ہو گئی ہے۔ مایاوتی نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا،وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ہر قدم کو تاریخی بتاتے ہیں۔  پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بھی اپنی اونچائی پر ہیں، ان کی چوری اور اوپر سے سینہ زوری بھی تاریخی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور مودی نے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کرکے مخالفین کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے۔مایاوتی نے کہا کہ مودی حکومت کو چار سال کا جشن منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔  یہ حکومت سفید جھوٹ بولتی ہے۔  چار سال پورے ہو گئے ہیں، اور یہ صاف ہے کہ غریبی، بےروزگاری، کسان کے مدعے، مہنگائی کے مورچے پر یہ حکومت تاریخی طور پر ناکام ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام تشدد اور ظلم  کا سامنا کر رہی ہے۔  دلت، پچھڑے اور مسلم روز تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مودی نے 2014 میں 26 مئی کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا تھا۔  حکومت کے چار سال پورا ہونے پر بی جے پی اس کا جشن بھی منا رہی ہے۔

اس سلسلے میں پی ایم مودی نے ٹوئٹ کرکے  کے کہا، 2014 میں آج (26 مئی) ہی کے دن ہم نے ہندوستان کی تبدیلی کی سمت میں کام کرنے کا سفر شروع کیا تھا۔  پچھلے چار سالوں میں ترقی کا مدعا عوامی تحریک بن گئی ہے، جس میں ہرایک شہری کا جذبہ ہندوستان کی ترقی کی مہم میں شامل ہے۔  125 کروڑ ہندوستانی ہندوستان کو اونچائی پر لے جا رہے ہیں!

کانگریس صدر راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت کے 4 سال پورا ہونے کے موقع پر وزیر اعظم پر نشانہ سادھا ہے۔  راہل نے دعویٰ کیا کہ یہ حکومت کام کاج میں پھسڈی اور صرف نعرے تیار کرنے میں اول رہی۔

راہل نے ٹوئٹ کرکے کر کہا، 4 سال کا رپورٹ کارڈ :زراعت میں فیل، غیرملک پالیسی میں فیل، ایندھن کی قیمتوں میں فیل اور روزگار پیدا کرنے میں فیل۔  راہل نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے نعرے تیار کرنے، اپنی تشہیرو توسیع میں ٹاپ کا مظاہرہ کیا ہے۔  وہیں یوگا میں ان کا مظاہرہ بےحد خراب رہا ہے۔

وہیں اس حوالے سے بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ  اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے اپنے ٹوئٹ میں مودی حکومت کو “چار سال ملک بے حال “سے تعبیر کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے نیتا اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ ؛مودی حکومت کے 4 سال میں ملک برباد ہوگیا ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ 4 سال میں جتنے فیصلے لیے وہ پوری طرح سے عوام مخالف رہے ۔جی ایس ٹی ،آدھار کی مخالفت کی اور مرکز میں آتے ہی اس کو نافذ کر دیا۔

دریں اثنا کانگریس آج  نریندر مودی حکومت کے چار سال پورے ہونے کے موقع پر ’وشواس گھات دیوس ‘منارہی ہے۔اس سلسلے میں پارٹی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ کانگریس  عوام کے سامنے اس حکومت کا ’پردہ فاش ‘کرے‌گی۔پارٹی  نے کہاتھا کہ 26 مئی کو تمام ریاستوں کی راجدھانی اور ضلع سطح پر دھرنے اور مظاہرے منعقد کئے جائیں‌گے۔ کانگریس  نے الزام لگایا کہ یہ حکومت بد عنوانی، کالے دھن، مہنگائی، دہشت گردی اور خارجہ پالیسی کو لےکر پوری طرح ناکام رہی ہے۔