خبریں

گجرات: سیور صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 4 ملازموں کی موت

وڈودرا کی پادرا تحصیل میں واقع ایک نجی فوڈ پروسیسنگ کمپنی گلوبل گور میٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی پانی کی ٹنکی میں یہ حادثہ ہوا ہے۔

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

علامتی فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: گجرات کے وڈودراشہر میں سیور کی صفائی کے دوران اتوار کی شام 4 صفائی ملازمین کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ ایک نجی فوڈ پروسیسنگ کمپنی گلوبل گور میٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کی پانی کی ٹنکی میں یہ حادثہ ہوا  ہے ،جو پادرا تحصیل میں واقع ہے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛کمپنی کے چیف انجینئر نے بتایا، ‘پانی باہر نکالنے کے بعد 4 ملازمین میں سے ایک ٹینک کے اندر گئے لیکن وہ اندر جانے کے بعد بیہوش ہو گئے۔ 3 دوسرے ان کی مدد کرنے کے لیے اندر گئے، لیکن آکسیجن کی کمی کی وجہ سے وہ بھی بیہوش ہو گئے۔’

انھوں نے آگے بتایا،’ پھر ہم نے ان لوگوں کو باہر کھینچنے کے لیے سانس لینے والے ماسک کے ساتھ کسی کو بھیجا، لیکن ان میں سے ایک شخص کی پہلے ہی موت ہو گئی تھی اور باقی 3 لوگوں کی اسپتال لے جاتے ہوئے موت ہو گئی۔’ مرنے والوں کی پہچان جمبوسر کے پاس ویداج گاؤں سے کملیش جادو(24)، ونود جادو(25)، ولساڈ کے دھنولی گاؤں سے منیش پدیا یار (23)اور پادرا کے ابھور گاؤں سے کرن سولنکی (22)کے طور پر کی گئی ہے۔

مرنے والوں کے رشتہ داروں نے لاشوں کو لینے سے انکار کر دیا اور کمپنی سے معاوضے کی مانگ کی ہے۔ وڈو پولیس اسٹیشن کے این ایم راٹھور کا کہنا ہے،’ کمپنی گھر والوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے اور ان کو ابھی طے کرنا ہے کہ کیا ان کو اچانک موت کے معاملے میں آگے بڑھنا ہے یا ایف آئی آر درج کرنا ہے۔ ایک بار وہ فیصلہ کر لیں، اس کے بعد ہم آگے کی کارروائی کریں گے۔’