خبریں

حکومت کی صفائی، 2000کے نوٹ کی چھپائی کو لے کر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے

غور طلب ہے کہ وزارت خزانہ کے ایک سینئر افسر نے جمعرات کو کہا تھاکہ 2000 کے نوٹوں کی چھپائی ریزرو بینک آف انڈیا نے’ کم سے کم‘ کر دی ہے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: وزارت خزانہ کے ایک سینئر افسر نے جمعرات کو کہا کہ 2000 کے نوٹوں کی چھپائی ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی )نے’ کم سے کم‘ کر دی ہے۔ واضح ہو کہ 8 نومبر 2016 کو نوٹ بندی نافذ ہونے پر 2000 کے نوٹوں کی چھپائی شروع کی گئی تھی۔ حکومت کے ذریعے 500 اور 1000 روپے کے پرانے نوٹوں پر روک لگانے کے اچانک کیے فیصلے کے فوراً بعد آر بی آئی نے 2000 روپے کے نوٹ کے ساتھ ساتھ 500 روپے کے نئے نوٹ کی چھپائی شروع کی تھی۔

وزارت خزانہ کے افسر کا کہنا ہے کہ آربی آئی اور حکومت وقت وقت پر سرکولیشن میں رقم کی بنیاد پر کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا فیصلہ لیتی ہے۔ جب 2000 روپے کا نوٹ لانچ کیا گیا تھا تو یہ طے کیا گیا تھا کہ چھپائی کو آگے بڑھایا جائے گا،کیونکہ نئے اور زیادہ قیمت کے نوٹ کا مطلب نوٹ بندی ضروریات کو پورا کرنا تھا۔

افسر نے کہا ۔’ 2000 روپے کے نوٹوں کی چھپائی میں کافی کمی آئی ہے۔ 2000 روپے کے نوٹوں کی چھپائی کو کم سے کم کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔’آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق،مارچ 2017 کے آخر میں 2000 روپے کے 328.50کروڑ نوٹ چلن میں تھے۔ ایک سال بعد 31 مارچ 2018 کو اس تعداد میں صرف 336.3کروڑ تک کا معمولی اضافہ  ہوا تھا۔

31 مارچ 2018 کو چلن میں کل کرنسی کی تعداد 18 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی تھی اور اس میں سے 2000 کے نوٹوں کا حصہ 37.3فیصد ہی تھا۔ وہیں 31 مارچ 2017 کو یہ اعداد و شمار 50.2فیصد تھا۔پرانے 500 اور 1000 کے نوٹ نوٹ بندی کی وجہ سے بند کر دیے گئے تھے۔ اس وقت ٹرینڈ میں کل کرنسی کا تقریباً 86 فیصد حصہ ان نوٹوں کا تھا۔

دریں اثنا خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹ آف اکانومکس کے سکریٹری سبھاش چندر گرگ نے کہا کہ ایجنسی کے پاس ضرورت سے زیادہ 2000کے نوٹ ہیں ۔اسی لیے  حکومت نے حال میں نوٹ کی چھپائی کو  لے کر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)