پولیس کو آر ایس ایس کارکن کے گھر کی تلاشی کے دوران سات تلواریں، ایک کلہاڑی اور ایک لوہے کی راڈ ملی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بم بنانے کا سامان بھی ملا ہے۔
نئی دہلی: کیرل کے کنور ضلع میں سنیچر کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ایک کارکن کے گھر دیسی بم پھٹ گیا۔ اس واقعہ میں کارکن کے بیٹے اور بیٹے کا دوست زخمی ہو گئے۔ پولس نے یہ جانکاری دی ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کڈیان مالا پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سنیچر کو دوپہر 1.30 بجے اس وقت ہوا، جب آٹھ اور بارہ سال کے دونوں بچے کھیلتے وقت گھر میں ایک شیڈ سے کچھ چیزوں کو باہر نکال رہے تھے۔
پرندوں کے لئے پنجرا بنانے کے لئے بچے پرانے سامان کو شیڈ سے باہر نکال رہے تھے۔ان میں سے سات سال کا گوکل آر ایس ایس کارکن مترمالا شبو کا بیٹا ہے اور 12 سال کا کجِن راج ان کے بیٹے کا دوست ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شیڈ سے چیزوں کو باہر نکالنے کے دوران بچے کسی چیز پر کھڑے ہو گئے، جس سے دھماکہ ہو گیا اور بچے زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور بم ڈسپوزل دستہ موقع پر پہنچا اور گھر کی تلاشی شروع کر دی۔
پولیس کو گھر کی تلاشی کے دوران سات تلواریں، ایک کلہاڑی اور ایک لوہے کا راڈ ملا۔ اس کے ساتھ ہی بم بنانے کا سامان بھی ملا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس تعلق سے دھماکہ خیز مادہ سے متعلق قانون اور ہتھیار قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔وہیں، زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں