خبریں

سابق فوجی افسروں نے صدر جمہوریہ کولکھا خط، کہا-سیاسی فائدے کے لئے فوج کا استعمال روکیے

خط لکھنے والوں میں تینوں فوج کے آٹھ سابق چیف  سمیت 150 سے زیادہ سابق فوجی افسر شامل ہیں۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ فوج  کا سیکولر اورغیر  سیاسی کردار محفوظ رہے۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی:  فوج کے 150 سے زیادہ سابق فوجی افسروں نے جمعرات کو صدر رام ناتھ کووند کو خط لکھ‌کر انتخاب میں فوج کی سیاست کو روکنے کی گزارش  کی ہے۔اسکرال ڈاٹ  ان کی رپورٹ کے مطابق، اس خط میں صدرجمہوریہ  کووند سے  گزارش  کی گئی کہ وہ ہر طرح کے ضروری قدم اٹھاکر تمام سیاسی جماعتوں کو فوراً ہدایت دیں کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد یا ایجنڈے کے لئے فوج، فوج کی وردی یافوج سے متعلق علامتوں کا‎استعمال کسی طرح کی سرگرمی میں نہ کریں۔خط لکھنے والوں میں تینوں فوج کے آٹھ سابق چیف بھی شامل ہیں۔ ان میں آرمی کے سابق چیف سنیت فرانسس راڈرگج، جنرل شنکر رائے چودھری، جنرل دیپک کپور، نیوی کے سابق چیف ایڈمرل لکشمی نارائن رام داس، ایڈمرل وشنو بھاگوت، ایڈمرل ارون پرکاش، ایڈمرل سریش مہتہ اور سابق ایئر چیف مارشل این سی سوری ہیں۔

سابق فوجی افسروں نے خط میں کہا، سرحد پر اسٹرائک جیسے فوجی مہم کا سہرا لینا پوری طرح سے ناقابل قبول ہے۔ یہاں تک کہ ملک کی فوج کو ‘مودی جی کی سینا’ کہنے سے فوج میں اس وقت کام کرنے والے اور سبکدوش فوجیوں کے درمیان بےچینی ہے۔ ‘یہاں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے غازی آباد کی ریلی کے دوران ان کے اس بیان کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے ملک کی فوج کو مودی کی سینا کہا تھا۔ اس کے ساتھ ہی حکمراں بی جے پی کے کئی ممبروں نے بالاکوٹ ایئر اسٹرائک کا سہرا بی جے پی کو دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی کارکنان کے ذریعے فوج کی وردی پہننے اور انتخابی پوسٹروں اور بینر میں جوانوں خاص طورپر ہندوستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کی تصویریں لگائے جانے سے فکرمند ہیں۔

خط میں کہا گیا، ہم اس کی تعریف کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کے سامنے نیوی کے سابق چیف ایڈمرل ایل رام داس سمیت کچھ سینئر سبکدوش افسروں کی شکایتوں کو  فوری طور پرجانکاری میں لیا گیا۔ حالانکہ ہمیں یہ کہتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ اس سے کچھ تبدیلی ہوتی نہیں دکھ رہی۔ ‘خط میں کہا گیا، فوج کا اس طرح سے غلط استعمال فوج میں نوکری کرنے والی  خواتین اور مردوں کے حوصلے پر منفی اثر ڈالے‌گا۔ ہم آپ سے یہ یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں کہ ہماری فوج کے سیکولر اورغیر  سیاسی کردارکو محفوظ رکھیں۔ ‘قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخاب 11 اپریل کو شروع ہو گئے ہیں  اور سات مرحلوں میں ہونے والا انتخاب 19 مئی تک چلے‌گا، جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔

صدر رام ناتھ کووند کو لکھے گئے خط کو یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔

Letter-1-1

Letter-2-1

Letter-3-1

Letter-4-1-e1555047481663

نوٹ: جنرل ایس ایف روڈری گوئس اور ایئر چیف مارشل این سی سوری نے مبینہ طور پر میڈیا سے کہا ہے کہ انہوں نے خط پر دستخط نہیں کیے ہیں ۔ حالاں کہ جن افسروں نے یہ دستخط جمع کیے ہیں ، انہوں نے دی وائر کو اس میل کی کاپی دی ہے جہاں انہوں نے یہ اپیل کی تھی ۔