خبریں

دہشت گردی توقربانی،ریاضت  اور ایثار کی علامت ہوتی ہے : بی جے پی رہنما راکیش سنگھ

مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے ریاستی صدر راکیش سنگھ نے کہا کہ بھگوا کبھی دہشت گرد نہیں ہوتا، بھگواپہننے والا کبھی دہشت گرد نہیں ہوتا۔

بی جے پی کے مدھیہ پردیش صدر راکیش سنگھ(فوٹو : پی ٹی آئی)

بی جے پی کے مدھیہ پردیش صدر راکیش سنگھ(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مدھیہ پردیش بی جے پی کے ریاستی صدر راکیش سنگھ نے بدھ کو کہا کہ دہشت گردی قربانی، ریاضت اور ایثار کی علامت ہوتی ہے۔خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا،’بھگوا کبھی دہشت گرد نہیں ہوتا، بھگوادپہننے والا کبھی دہشت گرد نہیں ہوتا، دہشت گردی توقربانی، ریاضت اور ایثار کی علامت ہوتی ہے۔ ‘سنگھ نے مزید کہا،’اور جب انتخاب کا وقت آتا ہے تب کانگریس کے رہنما اور یہ دگ وجئے سنگھ جگہ جگہ پر اسی بھگوا پرماتھا ٹیکتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ ‘

اس دوران سنگھ نے مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو ووٹ کرنے کی اپیل کی۔ واضح ہو کہ راکیش سنگھ مدھیہ پردیش کے جبل پور سے بی جے پی امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا، بی جے پی نے سادھوی پرگیہ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہ صاف ہے کہ بھوپال سے روحانیت اور ترقی کی نئی توانائی جاری  ہوگی اور اس کا مرکز وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ پرگیہ ٹھاکر پر مالیگاؤں بم دھماکے کا الزام ہے۔ ان کے علاوہ لیفٹننٹ کرنل پرساد پروہت اور 6 دیگر ملزم ہیں۔

ناسک ضلع کے مالیگاؤں میں بھیکو چوک‌کے قریب 29 ستمبر 2008 کو ہوئے بم دھماکے میں 6 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور 101 لوگوں سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔ وہ فی الحال اس معاملے میں ضمانت پر باہر ہیں۔اس سے پہلے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے اس بیان پر تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا جس میں انہوں نے ممبئی میں 26/11 کے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے پولیس افسر ہیمنت کرکرے کو’ شراپ’ دینے کی بات کہی تھی۔

پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے کہا تھا، ‘یہ اس کی مکاری تھی۔ یہ ملک سے غداری تھی، یہ مذہب کے خلاف تھا۔ تمام سارے سوال کرتا تھا۔ ایسا کیوں ہوا، ویسا کیوں ہوا؟ میں نے کہا مجھے کیا پتہ بھگوان جانے۔ تو کیا یہ سب جاننے کے لئے مجھے بھگوان کے پاس جانا پڑے‌گا۔ میں نے کہا بالکل اگر آپ کو ضرورت ہے تو ضرور جائیے۔ آپ کو یقین کرنے میں تھوڑی تکلیف ہوگی، دیر لگے‌گی۔ لیکن میں نے کہا تیرا سروناش ہوگا۔ ‘پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے اس بیان کی آئی پی ایس ایسوسی ایشن نے مذمت کی تھی۔