خبریں

شہریت ترمیم قانون کے خلاف احتجاج: جامعہ کے طلبا پر لاٹھی چارج، آنسو گیس کے گو لے چھوڑے گئے

سوشل میڈیا پر کئی ساری تصویریں ویڈیو وائرل ہورہے ہیں جس میں پولیس اسٹوڈنٹس کو پیٹ رہی ہے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑرہی ہے۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے طلبا پر دہلی پولیس نے بے رحمی سے لاٹھی چارج کیا اور ان پر آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے گئے۔سوشل میڈیا پر کئی ساری تصویریں ویڈیو وائرل ہورہے ہیں جس میں پولیس اسٹوڈنٹس کو پیٹ رہی ہے اور آنسو گیس کے گولے چھوڑرہی ہے۔

اس کی وجہ سے کئی اسٹوڈنٹس کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ان کو پاس کے ہی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔ اس سے پہلے طلبا نے گزشتہ جمعرات کی رات اس بل کے خلاف مظاہرہ کیا اور جامعہ کی سڑکوں کو جام کر دیا تھا۔آج صبح سے وہاں پر طلبا مظاہرہ کر رہے تھے ۔ حالاں کہ بعد میں معاملہ پر تشدد ہوگیا اور پتھر بازی کی بھی کچھ رپورٹ سامنے آئی ہیں ۔ اس کے جواب میں پولیس نے بھیڑ کو ہٹانے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔

پولیس نے تشدد کے اندیشے کی وجہ سے کیمپس کے باہر بھی  سڑکوں کو بند کردیا اور ان لوگوں کو حراست میں لے لیا جنہوں نے بیریکیڈس سے کودنے کی کوشش کی ۔طلبا نے شہریت ترمیم قانون کے خلاف آج صبح پارلیامنٹ تک مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا ۔ حالاں کہ ان کو یونیورسٹی کے پاس ہی روک لیا گیا۔