خبریں

کورونا وائرس: ملک میں کل لگے گا جنتا کرفیو، انفیکشن کے معاملے 300 تک پہنچے

وزیراعظم نریندر مودی نے کو رونا وائرس سے نپٹنے کے لیے اتوار22 مارچ کو ‘جنتا کرفیو’ کی پیروی کرنے کی اپیل لوگوں سے کی تھی۔ سبھی میل اور ایکسپریس ٹرین میں 22 مارچ سے کھان پان خدمات پر روک۔ وزارت صحت نے اسپتالوں سے خاطر خواہ تعداد میں ماسک اور وینٹی لیٹر خریدنے کو کہا۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی:اتوار22 مارچ کو پردھان وزیراعظم مودی کے ذریعے جنتا کرفیو کی اپیل سے پہلے سنیچر کو انہوں نے سبھی شہریوں سے غیر ضروری سفر کرنے سے بچنے اور اپنے شہر اور قصبوں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ہے، ‘ہماری طرف سے کی گئی ہر چھوٹی سی کوشش بڑا اثر چھوڑ جائے گی۔’

غورطلب ہے کہ نریندر مودی نے گزشتہ 19 مارچ کو ملک کو خطاب کرتے ہوئے کو رونا وائرس سے نپٹنے کے لئے اتوار 22 مارچ کو ‘جنتا کرفیو’ کی پیروی کرنے کی اپیل کی تھی۔

اس بیچ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کو رونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 300 ہو گئی ہے۔وزارت صحت کے مطابق، ملک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن کے 298 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے چار لوگوں کی اب تک موت ہو چکی ہے اور 22 لوگوں کو ٹھیک کر دیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، جمعہ کو اٹلی میں 627 لوگوں کی موت کو رونا وائرس سے ہونے کے ساتھ اب اس وبا سے دنیا بھر میں مرنے والوں کی تعداد تقریباً 11399 پہنچ گئی ہے۔ اس کے انفیکشن سے تقریباً 275000 لوگ پوری دنیا میں متاثر ہیں۔وہیں کو رونا وائرس کے مرکز رہے چین کے ووہان شہر میں اس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق،اٹلی میں اب تک تقریباً 4032،چین میں تقریباً 3139،ایران میں تقریباً 1433 اور اسپین میں تقریباً 1093 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

لائیو منٹ کی رپورٹ کے مطابق،ریلوے کی طرف سے ہدایت جاری کرکے کہا گیا ہے کہ کوئی بھی مسافر یا ایکسپریس ٹرین سنیچر آدھی رات سے اتوار رات 10 بجے تک کسی بھی اسٹیشن سے روانا نہیں کی جائے گی۔بزنس اسٹینڈرڈ کی رپورٹ کے مطابق، انڈین ریلوے میں اتوار کو 3700 ٹرین رد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں لوکوموٹو، لمبی دوری کی میل اور ایکسپریس ٹرینیں شامل ہیں، جو اتوار کو روانا ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ سبھی مضافاتی ٹرین خدمات بھی بہت کم کر دی جائیں گی۔

کو رونا وائرس کی وجہ سےآئی آر سی ٹی سی نے سبھی میل اور ایکسپریس ٹرین میں 22 مارچ سے اگلے نوٹس تک کھان پان خدمات بند کرنے کا حکم  دیا ہے۔ایویشن سروس  کمپنی ‘گو ایئر’ نے اتوار کو جنتا کرفیو کے دن اپنی مرضی سے اپنی سبھی اڑانیں رد کرنے کا اعلان کیاہے۔

وہیں کو رونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے بیچ مرکزی وزارت صحت نے اسپتالوں اور طبی اداروں کو مناسب تعدادمیں وینٹی لیٹر اور آکسیجن کے ہائی پریشر والے ماسک خریدنے کے لیے کہا ہے اور انہیں اپنے اپنے کیمپس میں  لوگوں کی بھیڑ کو کم کرنے کی صلاح دی ہے۔

دریں اثنادہلی کے شاہین باغ میں خاتون مظاہرین اتوار کو ‘جنتا کرفیو’کے دن بھی اپنا مظاہرہ جاری رکھیں گی۔شہریت ترمیم قانون کی مخالفت میں خواتین نے دسمبر کے وسط سے ہی ساؤتھ ایسٹ دہلی سے نوئیڈا کو جوڑ نے والی سڑک کا ایک سائیڈ روک رکھا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)