کورونا وائرس سے متاثر اتر پردیش کے بستی ضلع کے 25 سال کے نوجوان کی سوموارکو گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں موت ہو گئی تھی۔ وہیں، 72 سالہ ایک شخص کی بدھ کو میرٹھ میڈیکل کالج میں موت ہو گئی۔
نئی دہلی: کورونا وائرس سے اتر پردیش میں بدھ کو دو لوگوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ پہلا معاملہ گورکھپور کا ہے جبکہ دوسرا معاملہ میرٹھ کاہے۔بتا دیں کہ، اتر پردیش میں کورونا وائرس سے انفیکشن کے مریضوں کی تعداد 100کے پار ہو چکی ہے۔ اس میں سب سے زیادہ معاملے نوئیڈا سے ہیں۔وہیں، ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 35 ہو چکی ہے اور اس وبا کے انفیکشن سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھکر 1397 ہو گئی ہے۔
25 سال کے نوجوان کی موت گورکھپور کے بی آر ڈی میڈیکل کالج میں ہوئی ہے۔لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ترجمان ڈاکٹرسدھیر سنگھ نے بدھ کوبتایا کہ گورکھپور سے آئے مریض کے نمونے میں انفیکشن پایا گیا۔گورکھپور کے کلکٹر وجیندر پاڈنین نے صحافیوں کو بتایا کہ ‘ بستی ضلع کے 25سال کے نوجوان کی سوموار کو بی آر ڈی میڈیکل کالج میں موت ہو گئی تھی۔ وہ اتوار کودوپہر سوا تین بجے بھرتی ہوا تھا۔ اس کی موت کے بعد جو رپورٹ آئی ہے اس میں وہ کورونا متاثر نکلا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ اس نوجوان کا علاج پچھلے تین مہینے سے بستی کے ضلع ہاسپٹل اور دیگر ہاسپٹل میں ہو رہا تھا۔ اس کو گردہ کا مسئلہ تھا اور سانس لینے میں دقت تھی۔ اصولوں کے مطابق اس کے نمونہ ٹیسٹ کے لئے گورکھپور لائے گئے تو وہ متاثرنکلے۔ اس کے بعد نمونہ ٹیسٹ کے لئے کے جی ایم یو لکھنؤ بھیجے گئے جہاں سے بھی اس کےمتاثر ہونے کی رپورٹ آئی۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت جو چھ لوگ اس مریض کےرابطے میں آئے تھے ان سبھی کو الگ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مریض کو لانے والی ایمبولینس کے ڈرائیور اور مریض کے ایک رشتہ دار کو بھی الگ رکھا گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا،ہم نے بستی ضلع انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے کہ جوبھی لوگ اس مریض کے رابطے میں آئے ہیں یا جو لوگ اس کےآخری رسومات کی ادائیگی میں گئے ہوں سبھی کوالگ رکھا جائے۔ ہم سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے اور فون کال کے ریکارڈ کی بنیاد پراس بات کا پتہ لگا رہے ہیں کہ مریض کے رابطے میں کون کون سے لوگ آئے تھے۔
وہیں، کورونا وائرس سے متاثر 72 سالہ ایک شخص کی بدھ کو اتر پردیش کےمیرٹھ میڈیکل کالج میں موت ہو گئی۔ میرٹھ میں کورونا سے موت کا یہ پہلا معاملہ ہے۔اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کے امراوتی سے آئے ایک نوجوان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔چیف میڈیکل افسر راج کمار نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بزرگ ہاسپٹل کے کورونا وارڈ میں بھرتی تھے۔ ان کے داماد سے ان کو اس بیماری کا انفیکشن ہوا۔سسرال آئے نوجوان کے متاثر ہونے کی 27 مارچ کو تصدیق ہوئی تھی۔
اس کے اگلے دن بیوی، تین سالے اور سسر کے بھی متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔ تمام میڈیکل کالج کےکورونا وارڈ میں بھرتی ہیں۔مرنے والے کی فیملی کے دیگر ممبر میڈیکل کالج میں ہی کوروناوارڈ میں بھرتی ہیں۔اس طرح میرٹھ میں کورونا کے جو 19 معاملے پائے گئے ہیں، ان میں سے 17 ایک ہی خاندان سے ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)
Categories: خبریں