خبریں

ممبئی ڈاکٹر پر کورونا متاثر مریض کے جنسی استحصال کا الزام، معاملہ درج

یہ واقعہ ممبئی کے واک ہارٹ ہاسپٹل کا ہے، جہاں آئی سی یو میں بھرتی ایک کو رونا سےمتاثر مردمریض نے 34 سالہ  ڈاکٹر پر جنسی استحصال کا الزام  لگایا ہے۔ ہاسپٹل نے ملزم  کو برخاست کر دیا ہے۔

(فوٹو:  پی ٹی آئی)

(فوٹو:  پی ٹی آئی)

ممبئی کے واک ہارٹ ہاسپٹل کے آئی سی یو وارڈ میں بھرتی کو رونا متاثر ایک مرد مریض نے مبینہ طور پر ایک ڈاکٹر پر جنسی استحصال  کا الزام لگایا ہے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ ایک مئی کا ہے۔ملزم ڈاکٹر نے 30 اپریل کو ہی ڈیوٹی جوائن کیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کو رونا کے ڈر سے ملزم  سے نہ ہی پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور نہ ہی اس کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم  کو اس کے گھر پر ہی کورنٹائن کیا گیا ہے اور اس کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ہاسپٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملزم  کو برخاست کر دیا ہے۔ملزم ڈاکٹر کی عمر 34 سال جبکہ مریض کی عمر 44 سال ہے۔واک ہارٹ ہاسپٹل نے جاری بیان میں کہا، ‘ملزم ڈاکٹر کی ڈیوٹی کا وہ پہلا دن تھا۔ اس نے ایک دن پہلے ہی جوائن کیا تھا۔ مریض سے بدسلوکی کی اطلاع ملنے کے بعد ضابطہ  کے تحت پولیس کو اس کی فوراًجانکاری  دی گئی اور ڈاکٹر کو برخاست کر دیا گیا۔’

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے حال ہی میں نوی ممبئی میڈیکل کالج سے میڈیکل کی پڑھائی پوری کی تھی اور 30 اپریل کو ہی اس نے ڈیوٹی جوائن کیا تھا۔اسی دن متاثرمریض بھی ہاسپٹل میں بھرتی ہوا تھا۔ یہ واقعہ ایک مئی کو صبح لگ بھگ 9.30 بجے ہوا۔پولیس نے ہاسپٹل کی شکایت کی بنیاد پر آئی پی سی کی دفعہ377، 269 اور 270 کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔

پولیس افسر نے بتایا، ‘ہاسپٹل نے اپنے بیان میں جو کہا، اس کی بنیاد پر ہم نے معاملہ درج کیا ہے۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ ملزم  کا 28 اپریل کو انٹرویو ہواتھا اور اس کے اگلے دن 29 اپریل کو اس کی تقرری  کی گئی۔ اس کے بعد 30 اپریل کو ہاسپٹل میں اس کا پہلا دن تھا۔ ملزم نے دوسرے دن ہی اس حرکت کو انجام دیا۔’

شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزم  ڈاکٹر ایک مئی کو 10ویں منزل پر ہاسپٹل کے آئی سی یو میں مریض کے کمرے میں گیا۔ اس نے مریض کا استحصال کیا۔مریض کے شور مچانے پر ہاسپٹل کا اسٹاف اندر آیا۔ اس کے بعد مریض نے ہاسپٹل انتظامیہ  کو اس کی جانکاری دی۔ حکام نے بتایا کہ اس کے بعد ہاسپٹل نے پولیس اور بی ایم سی دونوں کو اس کی جانکاری دی۔

اگریپاڑا اسٹیشن کےسینئر پولیس افسر ساولارام اگوانے نے کہا، ‘ہم نے معاملہ درج کر لیا ہے لیکن ہم نے ابھی ڈاکٹر کو گرفتار نہیں کیا ہے۔ وہ مریض کے قریب گیا تھا اس لیے ہمیں شک  ہے کہ وہ کورونا متاثر ہے۔ ہمیں ابھی مریض اور ملزم  دونوں کے بیان لینے ہیں۔’

بتا دیں کہ واک ہارٹ ہاسپٹل کے 80 اسٹاف کے کو روناسے متاثر ہونے کے بعد اس کو سیل کر دیا گیا، لیکن لگ بھگ مہینے بھر بعد ہاسپٹل کو 23 اپریل کو ہی دوبارہ کھولا گیا تھا۔بی ایم سی افسر کا کہنا ہے کہ یہ ہاسپٹل کو رونا کے مریضوں کے علاج کے لیے ہی ہے اور یہاں کو رونا مریضوں کے علاج کے لیے 30 بستر ہیں۔