خبریں

چاہے کپل مشرا ہوں یا کوئی اور، اشتعال انگیز بیانات دینے والے پر سخت کارروائی ہو: گوتم گمبھیر

بی جے پی رہنما کپل مشرا نے پولیس کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سڑک نہیں خالی کرائی گئی تو ہم آپ کی بھی نہیں سنیں گے۔

gautam-gambhir-ani

نئی دہلی: دہلی کے نارتھ-ایسٹ علاقوں میں ہوئےتشدد کو لے کربی جے پی رکن پارلیاما ن اورسابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے ایک اہم  بیان دیا ہے۔ گمبھیر نے کہا ہے کہ چاہے بی جے پی رہنما کپل مشراہوں یا یا کوئی اور، چاہے وہ کسی بھی پارٹی کا ہو، اشتعال انگیز بیانات دینے والوں پرسخت کارروائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے خبررساں ایجنسی اے این آئی کے ساتھ بات چیت میں کہا، ‘چاہے کوئی بھی شخص  ہو، چاہے وہ کپل مشرا ہوں یا کوئی اور، چاہے وہ کسی بھی پارٹی کا ہو، اگر  وہ اشتعال انگیز بیان  دے رہا ہے تو اس پر سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔’واضح  ہو کہ متنازعہ شہریت قانون کے خلاف بڑی تعداد میں مظاہرہ  کر رہے لوگوں نے گزشتہ اتوار کو سڑک جام کر دیا تھا جس کے بعد جعفرآباد میں سی اے اےکے حامیوں  اور مخالفین  کے بیچ جھڑپ شروع ہو گئی تھی۔

موج پور میں بی جے پی رہنما کپل مشرا نے ایک میٹنگ بلائی تھی جس میں مانگ کی گئی تھی کہ پولیس تین دن کے اندر سی اے اے مخالف مظاہرین کو ہٹائے۔ انہوں نے پولیس کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر سڑک نہیں خالی کرائی گئی تو ہم آپ کی بھی نہیں سنیں گے۔لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کپل مشرا کے ذریعے اشتعال انگیز بیانات دینے کی وجہ سے دوگروپوں میں تشدد ہوا ہے۔ متاثرین اور سماجی کارکنان  کپل  مشرا کی گرفتاری کی مانگ کر رہے ہیں۔

کپل مشرانے دہلی اسمبلی انتخاب  کے دوران بھی متنازعہ بیانات دیے تھے ، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے کچھ دن کے لیے ان پر پابندی بھی لگائی  تھی۔گوتم گمبھیر کے بیان کا استقبال  کرتے ہوئے کانگریس رہنما راجیو شکلا نے کہا کہ یہ ایک کھلاڑی کا سچا احساس  ہے، ہمیں ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔

شکلا نے ٹوئٹ کر کہا، ‘گوتم گمبھیر کے  بیان کا خیر مقدم  کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بی جے پی رہنما کپل مشرا کے خلاف بھڑکاؤ بیان بازی کے لیے کڑی کارروائی کی مانگ کی ہے۔انہوں نے کہا،یہ ایک کھلاڑی کا سچا جذبہ  ہے ہمیں گوتم جیسےرہنماؤں کی ضرورت ہے۔’آج بھی مشرقی دہلی  کے مختلف علاقوں میں تشدد ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آرسی)نے جعفرآباد، موج پور- بابرپور، گوکل پوری، جوہری انکلیو اور شو وہار میٹرو اسٹیشن کو بند کر دیا ہے۔ اس طرف  کی سبھی ٹرینیں ویلکم میٹرو اسٹیشن پر ہی رکیں گی۔