خبریں

کورونا وائرس: ملک میں 10ویں موت، 32 ریاستوں اوریونین ٹریٹری میں لاک ڈاؤن

ملک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن کے معاملے بڑھ کر تقریباً 500 ہوئے۔ نارتھ -ایسٹ میں انفیکشن کا پہلا معاملہ سامنے آیا۔ منی پور میں 23 سالہ خاتون کو وائرس سے متاثر پایا گیا۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: دیش میں کو رونا وائرس کا قہرلگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ اس کے انفیکشن سے 10ویں موت درج کی گئی ہے۔

خبررساں  ایجنسی اےاین آئی کے مطابق، ممبئی کے ایک ہاسپٹل میں یو اے ای کے رہنے والے کو رونا وائرس متاثرہ 65 سالہ شخص کی موت گزشتہ سوموار کو ہو گئی۔ کستوربا گاندھی ہاسپٹل میں ان کا علاج چل رہا تھا۔

مہاراشٹر کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ کو رونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد101 پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے تین نئے معاملے پونے اور ایک ستارا میں سامنے آئے ہیں۔ملک میں انفیکشن  کے سب سے زیادہ معاملے مہاراشٹر میں ہی درج کئے گئے ہیں۔خبررساں  ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، منی پور میں منگل کو کو رونا وائرس کا پہلا معاملہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد پوری  ریاست میں غیر متعینہ مدت کے لیے کرفیو لگا دیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ 23 سالہ خاتون برٹن سے منی پور لوٹی تھی۔ منی پور کے ساتھ ہی نارتھ -ایسٹ میں بھی کو رونا وائرس کے انفیکشن  کا یہ پہلا معاملہ ہے۔

اس کے ساتھ ہی پورے ملک میں وائرس کے انفیکشن کے معاملے تقریباً 500 ہو گئے ہیں۔ خبررساں  ایجنسی پی ٹی آئی نے وزارت صحت کےاعدادوشمارکے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک 492 معاملے درج کیے گئے ہیں، ان میں سے 446 متحرک معاملے ہیں۔بہرحال گزشتہ سوموار کو کو رونا وائرس سے موت کے کل تین معاملے سامنے آئے۔ ممبئی میں یو اے ای کے شخص کی موت کے علاوہ مغربی  بنگال اور ہماچل پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہو گئی۔

دونوں ریاستوں میں انفیکشن سے موت کا یہ پہلا معاملہ تھا۔ سوموار کو کولکاتہ میں 55 سالہ ایک شخص اور ہماچل پردیش کے ٹانڈا میں 69 سالہ ایک تبتی پناہ گزیں  کی موت ہو گئی تھی۔اس سے پہلے گزشتہ  اتوار کو تین لوگوں کی موت مہاراشٹر، گجرات اور بہار میں ہوئی تھی۔ بہار میں 38 سالہ ایک شخص کی موت ہوئی، جو اب تک مرنے والوں میں سب سے کم عمر کے تھے۔ بہار اور گجرات میں کو رونا وائرس سے موت کا یہ پہلا معاملہ تھا۔

وہیں مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں اب تک کل تین موتیں درج کی جا چکی ہیں۔ملک میں کو رانا وائرس سے موت کا سب سے پہلا معاملہ کرناٹک میں ہی سامنے آیا ہے۔ کرناٹک میں کلبرگی کے رہنے والے 76 سالہ ایک بزرگ کی موت کو رونا وائرس کے انفیکشن سے گزشتہ 10 مارچ کی رات کو ہوئی تھی۔ یہ شخص  سعودی عرب سے لوٹے تھے۔

32 ریاستوں اوریونین ٹریٹری میں مکمل  لاک ڈاؤن

کو رونا وائرس کے قہر کو دیکھتے ہوئے اب تک 32 ریاستوں اور یونین ٹریٹری میں مکمل لاک ڈاؤن (بند) کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اب لاک ڈاؤن کئے گئے اضلاع کی تعداد بڑھ کر 560 ہو گئی ہے۔اس میں دہلی،مغربی بنگال، کیرل، آندھرا پردیش، مہاراشٹر، ہریانہ، گجرات، کرناٹک، آسام، اتراکھنڈ وغیرہ  شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ ریاستوں اوریونین ٹریٹری نے اپنے یہاں مکمل کرفیو کابھی اعلان کر دیاہے۔ ان میں پنجاب، مہاراشٹر، چنڈی گڑھ، پانڈیچیری وغیرہ  شامل ہیں۔

حکام نے منگل کو بتایا کہ تین اور ریاستوں اوریونین ٹریٹری نے اپنے یہاں کے کچھ علاقوں میں بند لاگو کیا ہے جس کے دائرے میں 58 ضلع آ رہے ہیں۔ ایک یونین ٹریٹری نے اپنے حلقہ میں کچھ سرگرمیوں پر روک لگائی ہے۔سرکار کے ایک افسرنے کہا، ‘مرکزی حکومت  کی جانب سے ریاستی حکومتوں  اوریونین ٹریٹری کو جاری ہدایات کی تعمیل میں کل 32 ریاستوں اوریونین ٹریٹری  میں مکمل  بند کا اعلان  کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کل 560 اضلاع میں لاک ڈاؤن ہے۔’

ملک میں کل 28 ریاست اور آٹھ یونین ٹریٹری ہیں۔پچھلے کچھ دنوں میں انفیکشن  کے معاملے اچانک بڑھنے کے بعد ملک  کے تمام حصوں میں دفعہ 144 بھی نافذ کر دی گئی ہے۔ چار سے زیادہ لوگوں کے جمع  ہونے پر پابندی ہے اور سڑک، ریل اور ہوائی آمدورفت پر 31 مارچ تک روک لگا دی گئی ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)