خبریں

دہلی فسادات کے ایک سال: قتل کے 53 معاملوں میں سے 38 میں ہی اب تک چارج شیٹ داخل ہوئی

دہلی پولیس کے مطابق دنگے کو لےکرقل 755 کیس درج کیے گئے تھے، جس میں سے 400 معاملوں کو نمٹایا جا چکا ہے۔ اب تک 1753 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں 933 مسلم اور 820 ہندو ہیں۔

(فائل فوٹو:  پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو:  پی ٹی آئی)

نئی دہلی: پچھلے سال فروری2020 میں شمال-مشرقی دہلی کے فرقہ وارانہ فسادات  کے ایک سال ہو چکے ہیں۔ دنگے میں مارے گئے 53 لوگوں میں سے 38 لوگوں کے معاملے میں ہی ابھی تک دہلی پولیس نے چارج شیٹ فائل کی ہے۔ وہیں ابھی تک صرف 17 معاملوں میں ہی کورٹ میں بحث شروع ہو پائی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایسے51متاثرین سے بات کرنے کے بعد پتہ چلا ہے کہ 44 کیس میں ہی معاوضہ دیا گیا ہےجبکہ تقریباً 12 پریواروں نے اس واقعہ کے بعد اپنی رہائش تبدیل کی ہے۔سال 2020 کےفروری مہینے کی24 سے 26 تاریخ تک چلے دنگے میں500 سے زیادہ  لوگ زخمی ہوئے تھے اور کروڑوں روپے کی ملکیت برباد ہوئی تھی۔حالت ایسی ہو گئی تھی کہ کئی فیملی کو اپنے ہی شہر میں مہاجر بننا پڑا تھا۔

ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا،‘اس معاملے کو لےکرکل 755 کیس درج کیے گئے تھے، جس میں سے 400 معاملوں کونمٹایا جا چکا ہے۔ اب تک 1753 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں 933 مسلم اور 820 ہندو ہیں۔’اس میں سے 62 معاملے،جس میں 53 مرڈر شامل ہیں، کرائم برانچ کی تین اسپیشل ٹیم اس کی  جانچ کر رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس میں سے 46 معاملوں کو نمٹایا جا چکا ہے۔

ایک افسر نے کہا، ‘تین ایس آئی ٹی نے 390 لوگوں کو گرفتار کیا ہے،جس میں 178 ہندو اور 212 مسلم ہیں۔ بڑی  سازش  کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی نے 21 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، اس میں 19 مسلم اور دو ہندو ہیں۔’ویسے تو مہلوکین کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے اور نابالغ کی موت کے سلسلے میں پانچ لاکھ روپے دہلی سرکار کے ذریعے دیے جا رہے ہیں، لیکن زیادہ تر متاثرین نے بتایا ہے کہ یہ رقم  بےحد کم ہے، کیونکہ ان کے گھر کا کمانے والاشخص ہی ختم ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پیسے سے نہ تو گھر بنائے جا سکتے ہیں اور نہ ہی بچوں کے مستقبل کو سنوارا جا سکتا ہے۔ زیادہ تر معاملوں میں مرنے والوں  کی بیوی  کو ابھی تک کہیں بھی نوکری نہیں لگی ہے۔دہلی سرکار کے مطابق، اب تک کل 26.09 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جا چکا ہے، جس میں زخمی، گھر،پراپرٹی، اسکول وغیرہ  کو نقصان سمیت چیزیں شامل ہیں۔ سب سے زیادہ پراپرٹی  کے نقصان کو لےکر 11.28 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔

پولیس نے بتایا،‘گرفتار کیے گئے 1753 لوگوں میں سے 1204 لوگ عدالتی حراست میں ہیں اور 544 لوگوں کو ضمانت مل چکی ہے۔کل 1553 ملزمین کے خلاف چارج شیٹ دائر کی جا چکی ہے اور 200 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کرنی باقی ہے۔’

انہوں نے آگے کہا،‘کل 342 چارج شیٹ معاملوں میں سے 250 کیس میں ٹرائل کورٹ نے نوٹس لیا ہے اور کچھ معاملوں میں سزا پر بحث شروع ہو چکی ہے۔’