خبریں

سبری مالا: بی جے پی ریاستی صدر کاویڈیو وائرل، مظاہرہ کو بتایا پارٹی کا ایجنڈہ

کیرل کے وزیراعلیٰ پنارئی وجین نے کہا کہ ثبوت سامنے آیا ہے کہ ریاست میں بی جے پی رہنماؤں نے سبری مالا معاملے میں تنازعہ پیدا کیا۔ خود ان کے ریاستی صدر بھی اس میں شامل ہیں۔ یہ قابل مذمت ہے۔

کیرل بی جے پی ریاستی صدر پی ایس شری دھرن پلئی (فوٹو : ٹوئٹر)

کیرل بی جے پی ریاستی صدر پی ایس شری دھرن پلئی (فوٹو : ٹوئٹر)

نئی دہلی : کیرل واقع سبری مالا مندر میں خواتین کے داخلہ کو لےکر چل رہے گھماسان کے درمیان کیرل بی جے پی صدر پی ایس شری دھرن پلئی کے ایک بیان نے نیا تنازعہ جنم دے دیا ہے۔ ایک مبینہ ویڈیو میں پلئی یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ سبری مالا مندر میں خواتین کے داخلہ کے خلاف چل رہا مظاہرہ بی جے پی کا ایجنڈہ  ہے اور یہ پارٹی کارکنوں  کے لئے سنہرا موقع ہے۔

پلئی ویڈیو میں یہ بھی دعویٰ کرتے ہوئے نظر آئے  کہ سبری مالا مندر کے اہم پجاری نے یہ دھمکی دینے سے پہلے ان سے صلاح لی تھی کہ اگر 10 سے 50 سال کی عمر والی عورتیں  داخل ہوتی ہیں تو وہ مندر بند کر دیں‌گے۔ ویڈیو میں پلئی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ پجاری نے اس بارے میں ان سے صلاح لی تھی کہ اگر خواتین مندر میں داخل ہونے کی کوشش کرتی ہیں تو ایپا مندر کو بند کرنا کیا عدالت کی بے عزتی ہوگی۔ پلئی نے کہا کہ اس نے یقین دلایا  تھا کہ کوئی بے عزتی نہیں ہوگی اور ہزاروں عقیدت مند ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کوجھی کوڈ میں بی جے پی کارکنوں  کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا، ‘ سبری مالا  مدعا ہمارے لئے سنہرا موقع ہے۔ ‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ آندولن  بی جے پی کا ایجنڈہ ہے۔ تنازعہ بڑھنے کے بعد کیرل ہائی کورٹ میں وکالت کرنے والے وکیل پلئی نے کہا کہ پجاری نے قانونی رائے لینے کے لئے ان کو بلایا تھا اور انہوں نے قانونی رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ قانونی مشورے کے لئے ان کے پاس کئی لوگ آتے ہیں۔

حالانکہ پجاری تنتری کندارارو راجیورو نے مندر میں رپورٹروں  سے کہا کہ انہوں نے معاملے میں صرف سینئر  تنتری کندارارو موہنارو سے صلاح مشورہ کیا تھا۔ کیرل کے وزیراعلیٰ پنارئی وجین نے بی جے پی ریاستی صدر کے وائرل ویڈیو کا ٹوئٹ کر کے مذمت کی۔ انہوں نے کہا، ‘ بی جے پی کی غلط سیاست خوف ناک طریقے سے سامنے آئی ہے۔ ثبوت سامنے آیا ہے کہ ریاست میں بی جے پی رہنماؤں نے سبری مالا معاملے میں تنازعہ پیدا کیا۔ یہ بھی دھیان دیا جانا چاہیے کہ ان کا ریاستی صدر خود بھی اس میں شامل ہیں۔ یہ قابل  مذمت ہے۔

غور طلب ہے کہ حال ہی میں بی جے پی صدر امت شاہ نے کیرل میں اپنی تقریر میں سبری مالا مندر کے بھکتوں کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے 50-10 سال کی خواتین کے داخلہ کی مخالفت کر رہے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کہی تھی۔ امت شاہ نے کہا تھا کہ کیرل کے سبری مالا میں بھگوان ایپا کے بھکتوں کے جذبات کو دبایا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنارئی وجین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے سبری مالا کے عقیدت مند وں پر  ظلم و ستم نہیں روکا تو بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن ان کی حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دے‌گا۔

شاہ نے کہا تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے  کے نام پر وزیراعلیٰ کو ظلم و ستم  بند کرنا چاہیے۔ ‘ انہوں نے یہاں تک کہا کہ ریاست میں خواتین بھی سپریم کورٹ کے آرڈر کو نافذ کرنے کے خلاف ہیں۔