خبریں

پہلے گئو کشی کی جانچ کریں گے، اس کے بعد انسپکٹر سبودھ سنگھ کے قتل کی جانچ ہوگی: بلند شہر پولیس

گزشتہ سوموار کو بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں مبینہ گئو کشی کے بعد ہوئے تشدد میں پولیس افسر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں بجرنگ دل کا رہنما یوگیش راج کلیدی ملزم ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ اور سبودھ کمار سنگھ کے گھر والے(فوٹو: بہ شکریہ وزیر اعلیٰ دفتر)

یوگی آدتیہ ناتھ اور سبودھ کمار سنگھ کے گھر والے(فوٹو: بہ شکریہ وزیر اعلیٰ دفتر)

نئی دہلی: گزشتہ سوموار کو بلند شہر کے سیانہ گاؤں میں مبینہ گئو کشی کے بعد پھیلے تشدد میں پولیس افسر سبودھ کمار سنگھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے میں بجرنگ دل کا رہنما یوگیش راج کلیدی ملزم ہے۔ حالانکہ اتر پردیش پولیس سبودھ کمار سنگھ کے قتل کے ملزموں کو پکڑنے سے پہلےمبینہ گئو کشی کے معاملے کی جانچ کرے گی۔

بلند شہر کے اے ایس پی رئیس اختر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا،’ اس وقت ہماری اہم فکر یہ ہے کہ کن لوگوں نے گائے کو مارا ہے۔ گائے کے قتل کو لے کر پھیلے تشدد میں ہی انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کی موت ہوئی تھی۔ ہمارا ماننا ہے کہ پہلے جب ہم گئو کشی کی جانچ کر لیں گے تو اس سے پتا چلے گا کہ کیسے سبودھ سنگھ کی موت ہوئی تھی۔ ‘انھوں نے مزید کہا،’ گائے کا قتل کرنے والے ہماری ترجیحات میں ہیں۔ فی الحال قتل اور تشدد/فسادات معاملہ ہماری ترجیحات میں نہیں ہیں۔ ‘

غور طلب ہے کہ پولیس نے ابھی تک چمن، دیویندر، آشیش چوہان اور ستیش نام کے چار لوگوں کو سنگھ کے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ حالانکہ ابھی تک کلیدی ملزم بجرنگ دل کا رہنما یوگیش راج فرار ہے۔ پولیس ابھی تک اس کو نہیں پکڑ پائی ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے گئو کشی کے معاملے میں شرف الدین، ساجد، آصف اور ننھے نام کے چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے ۔ ان سبھی کو یو پی کاؤ سلاٹر پریونشن ایکٹ 1955 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

گئو کشی معاملے کی جانچ کے بارے میں پوچھے جانے پر اخترنے کہا،’ہم کسی بھی خاص تنظیم کا نام نہیں لے سکتےہیں۔ حالانکہ یہ واضح ہے کہ سبودھ سنگھ کے قتل کے زیادہ تر ملزم گئو رکشا کے کام میں لگے ہوئے تھے۔ اس میں ایک پیٹرن نظر آتا ہے۔ فی الحال گئو کشی کلیدی معاملہ ہے۔’انسپکٹر کے قتل کا کلیدی ملزم یوگیش راج نے سوشل میڈیا پر ویڈیو ڈال کر یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ بے قصور ہے۔

وہیں اس معاملے میں ملزم نمبر 9 شکھر اگروال نے بھی ویڈیو ڈال کر کہا ہے کہ مرنے والے پولیس افسر نے اس کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی تھی۔ اگروال کے ان دعووں پر بلند شہر کے ایس پی سٹی پروین رنجن سنگھ نے کہا،’ ایک ملزم اپنے بچاؤ میں کچھ بھی کہے گا۔ اس سے فرق نہیں پڑتا ہے۔ سبودھ ایک ایماندار آفیسر تھے۔’