خبریں

شہریت ترمیم قانون کے خلاف کانگریس کا راج گھاٹ پر ستیہ گرہ

قابل ذکر ہے کہ شہریت قانون کے خلاف ستیہ گرہ کے لیے دہلی پولیس کی اجازت نہیں ملنے سے کانگریس نے اتوار  کو اس کو ملتوی کردیا تھا۔

فوٹو: بہ شکریہ ، ٹوئٹر/@INCIndia

فوٹو: بہ شکریہ ، ٹوئٹر/@INCIndia

نئی دہلی : شہریت ترمیم قانون کے خلاف   کانگریس رہنما راہل گاندھی، سابق وزیر اعظم  منموہن سنگھ،سابق وزیر دفاع اےکے اینٹنی اور دوسرے سینئر رہنما راج گھاٹ میں ستیہ گرہ  میں  شامل ہوئے۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں آئین کے تحفظ کی مانگ کرتے ہوئے  پرامن مظاہرہ  شروع کیا گیا ہے۔ پارٹی نے سنیچر کو سونیا گاندھی کی رہائش پر ہوئی میٹنگ  میں پرامن مظاہرہ  کرنے کا فیصلہ  لیا تھا۔

دوسری طرف بی جے پی  نے کولکاتہ میں شہریت ترمیم قانون کی حمایت میں سڑک پر مارچ نکالا۔

اس موقع پر اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ قانون آئین کے بنیادی جذبے کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان میں این آرسی نافذ نہیں ہوگا۔ گہلوت نے اپنے خطاب  کے دوران آئین کی تمہید پڑھی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت  آر ایس ایس کے ہندو راشٹر کا ایجنڈہ  نافذ کر رہی ہے۔ راج گھاٹ پر ستیہ گرہ کے دوران راجستھان کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم  این آرسی کے نام پر پورے ملک  کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی مذہب  کے نام پر ملک کو بانٹنا چاہتے ہیں۔

 پروگرام  کو مہاراشٹر کانگریس کے رہنما بالا صاحب تھوراٹ نے بھی خطاب کیا۔اس دوران  تھوراٹ نے کہا کہ مہاراشٹر سنتوں کی زمین  رہی ہے۔ ان لوگوں نے لوگوں کو جوڑ نے کا کام کیا ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر میں لوگوں کو بانٹنے والا قانون این آرسی نافذنہیں ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ شہریت قانون کے خلاف ستیہ گرہ کے لیے دہلی پولیس کی اجازت نہیں ملنے سے کانگریس نے اتوار  کو اس کو ملتوی کردیا تھا۔اس میں عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے  کانگریس رہنما راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری  پرینکا گاندھی نے سوموار کو نوجوانوں، طلبا اوردوسرے لوگوں سے راج گھاٹ پر آنے کی اپیل کی ہے۔ راہل اور پرینکا نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس ستیہ گرہ کو کامیاب بنائیں۔

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ،’پیارے نوجوانوں اور طلبا، کیا یہ کافی نہیں ہے کہ ہم ہندوستان کو محسوس کریں۔ یہ وہ وقت  ہے جب آپ کو دکھانا ہوگا کہ آپ نفرت کے ذریعے ملک  کو برباد ہونے دیں گے یا نہیں ہونےدیں گے۔’

راہل گاندھی نے کہا کہ ، راج گھاٹ پر دن میں تین بجے میرے ساتھ ستیہ گرہ میں شامل ہوں، تاکہ مودی شاہ کی طرف سے شروع کی گئی نفرت اورتشدد کے خلاف احتجاج کیا جائے۔

 پرینکاگاندھی  نے ٹوئٹ کرکے کہا،یہ ملک ایک مشترکہ  رشتہ ہے، مشترکہ خواب ہے۔ اس مٹی کو ہم نے محنتوں کے رنگ سے سینچا ہے۔ آئین  ہماری طاقت ہے۔انہوں نے کہا،ملک کو ‘پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی سیاست سے بچانا ہے۔

غو رطلب ہے کہ ،سونیا گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے سوموار کو راج گھاٹ پر ستیہ گرہ کی شروعات کرتے ہوئے آئین میں درج  لوگوں کے حقوق کے تحفظ  کا مطالبہ کیا۔ اس دوران سونیاگاندھی ، منموہن سنگھ اور راہل گاندھی نے آئین کی تمہید بھی پڑھی۔

اس موقع پر راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ  کمل ناتھ، پارٹی کے سینئر رہنمااحمد پٹیل،اےکے اینٹنی، غلام نبی آزاد، کے سی وینوگوپال، آنند شرما، دگوجئے سنگھ اوربڑی  تعداد میں پارٹی کے کارکنان  بھی اس میں شامل ہوئے۔

بتا دیں کہ شہریت ترمیم  قانون (سی اے اے) میں افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مذہبی بنیاد  پر استحصال  کے شکار غیر مسلموں-ہندو، سکھ،بودھ،جین،پارسی اور عیسائی کمیونٹی  کو ہندوستان کی شہریت دینے کا اہتمام  ہے۔اس میں ان مسلمانوں کو شہریت دینے کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے جو ہندوستان میں پناہ لینا چاہتے ہیں۔

اس طرح کے امتیازکی وجہ سے اس کی تنقید کی جا رہی ہے اور اس کو ہندوستان  کی سیکولرفطرت کو بدلنے کی سمت میں ایک قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ابھی تک کسی کو اس کے مذہب کی بنیاد پر شہریت  دینے سے منع نہیں کیا گیا تھا۔