خبریں

وزارت داخلہ نے نجی ایجنسیوں سے سکیورٹی اہلکاروں کی چھٹنی یا تنخواہ میں کٹوتی نہ کر نے کے لیے کہا

وزارت داخلہ  نے اس بارے میں سینٹرل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکورٹی انڈسٹری، سی آئی آئی، فکی، ایسوچیم اوردوسری ایجنسیوں کوخط لکھا ہے۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے کو رونا وائرس سے لڑنے کے لیے 21 دن کے لاک ڈاؤن (بند) کے دوران نجی سکیورٹی  ایجنسیوں سے سکیورٹی اہلکاروں کی چھٹنی یا ان کی تنخواہ میں کٹوتی نہ کرنے کے لیے کہا ہے۔سینٹرل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکورٹی انڈسٹری، سی آئی آئی، فکی، ایسوچیم اوردوسروں  کو لکھے خط میں وزارت داخلہ  نے کہا کہ ہندوستان کو رونا وائرس کے مد نظر پیدا ہوئےخطرناک حالات کا سامنا کر رہا ہے۔ اس سے اقتصادی سرگرمیوں  پر بھی اثر پڑا ہے اور ایسا اندیشہ ہے کہ دکانوں، مالس اور دوسرے ادارےبند ہونے کی وجہ سے نجی سکیورٹی  ایجنسیوں پر بھی اثر پڑا ہو۔

وزارت  نے اپنےخط میں کہا، ‘یہ وقت نجی سکیورٹی  ایجنسیوں کے لیے انسانی  رویہ  اپنانے اور اپنے اہلکاروں  اورا سٹاف کے ممبروں  کو چھٹنی اور آمدنی  میں کٹوتی سے بچانے کا ہے۔’اس میں کہا گیا ہے، ‘اس لیے انڈسٹری سے اپنے ورک فورس  کے لیے ہمدردی رکھنے اور یقینی بنانے کی اپیل کی  جاتی ہے کہ ان اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مانا جائے اور اس کے مطابق ان کی تنخواہ جاری رکھی جائے۔’

غورطلب ہے کہ وزیر اعظم  نریندر مودی نے عالمی وبا سے لڑنے کے لیے منگل کو 21 دن کے بند کا اعلان  کیا تھا۔

 (خبررساں ایجنسی  بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)