خبریں

دہلی: ’ کورونا‘ کہہ‌ کر منی پور کی طالبہ پر تھوکنے والا گرفتار

یہ واقعہ اتوار کی رات مکھرجی نگر کے وجئے نگر علاقے میں ہوا تھا۔ ملزم کی پہچان 40 سالہ گورو ووہرا کے طور پر ہوئی ہے۔

فوٹو: ٹوئٹر

فوٹو: ٹوئٹر

نئی دہلی: منی پور کی طالبہ کو ‘ کورونا ‘ کہہ‌کر ان پر تھوکنے والے ملزم شخص کو نارتھ ویسٹ ضلع کی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی پہچان 40 سالہ گورو ووہرا کے طور پر ہوئی ہے۔نوبھارت ٹائمس کے مطابق، ملزم تک پہنچنے کے لئے پولیس نے 50 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالی تھی۔ سی سی ٹی وی کے ذریعے پولیس کو اس کی اسکوٹر کا نمبر ہاتھ لگا۔ اس کے بعد کڑیوں کو جوڑتے ہوئے پولیس اس کے گھر تک جا پہنچی اور اس کو گرفتار کر لیا۔

یہ واقعہ اتوار کی رات مکھرجی نگر کے وجئے نگر علاقے میں ہوا تھا۔ طالبہ بنیادی طور سے منی پور کی رہنے والی ہیں۔ وہ وجئے نگر، سنگل اسٹوری واقع پی جی میں کچھ دوستوں کے ساتھ رہتی ہیں اور دہلی یونیورسٹی سے پڑھائی کر رہی ہیں۔اتوار کی رات کو وہ مارکیٹ سے سبزی خریدکر پی جی لوٹ رہیں تھیں۔ اس بیچ جیسے ہی وہ بچہ پارک، سنگل اسٹوری کے پاس پہنچیں۔ ملزم گورو نے کورونا وائرس کہہ‌کر طالبہ پر پان مسالہ تھوک دیا۔ الزام ہے کہ گورو نے نسلی تبصرہ بھی کیا۔

طالبہ کے مطابق، جائے واردات پر کافی اندھیرا تھا۔ جس کا فائدہ اٹھاکر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔ طالبہ نے اپنے ساتھ ہوئے واقعہ کو نارتھ ایسٹ کمیونٹی کے لوگوں سے شیئر کیا۔ جس کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ سوشل میڈیا ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام پر طالب علموں نے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے سخت کارروائی کی مانگ کی۔

ادھر، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ٹیموں کو الگ الگ سمت میں لگایا گیا۔ سب سے پہلے پولیس نے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی۔ جس کے بعد ملزم کا حلیہ اور اس کی موومنٹ کا پتہ چل گیا۔اسی تفتیش میں اسکوٹی کا روٹ اس کے گھر کی سمت میں جا پہنچا۔ ساتھ ہی اسکوٹی نمبر سے نام اور پتہ بھی مل گیا، جس سے پولیس نے ملزم کو پکڑ لیا۔

ملزم فیملی کے ساتھ ماڈل ٹاون کے گڈ منڈی واقع اے سی ڈی اسکول کے پاس فلیٹ میں رہتا ہے اور شادی شدہ ہے۔ فیملی میں بیوی اور دو چھوٹے بچے ہیں۔ وہ کوکر بنانے والی فیکٹری میں کام کرتا ہے۔ پولیس نے اس کی اسکوٹر بھی ضبط کر لی ہے۔

بتا دیں کہ، دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اس معاملے پرنوٹس لیا تھا۔اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد وزیراعلیٰ کیجریوال نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا مجھے یہ پڑھ کر حیرانی ہوئی۔ دہلی پولیس اس گنہگار کو پکڑے اور سخت ایکشن لیں۔ ہمیں ملک کے طو پر متحدرہنا ہے، خاص طور پر کو رونا کے خلاف لڑائی میں۔’

بتا دیں کہ، 26 فروری کی صبح کے 10:45 بجے تک ملک میں کورونا وائرس کے 624 معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ اس وائرس کی زد میں آنے سے 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ جموں و کشمیر میں اس انفیکشن سے موت کا  پہلا معاملہ سامنے آ چکا ہے جس میں سرینگر کے حیدر پور علاقے کے 65 سالہ شخص کی جمعرات کو کورونا وائرس سے موت ہو گئی۔

اس میں سے تین لوگوں کی موت مہاراشٹر میں ہوئی ہے۔ وہاں اس وائرس سے متاثر لوگوں کے سب سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔گزشتہ بدھ کو انفیکشن کے 70 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس بیچ راحت بھری خبر یہ ہے کہ 40 سے زیادہ لوگ اس بیماری کو ہرانے میں کامیاب بھی رہے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)