خبریں

کورونا: بہار میں 83 ڈاکٹروں نے انفیکشن کے ڈر سے سیلف کوارنٹائن کی مانگ کی

پٹنہ کے نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے جونیئر ڈاکٹروں نے ایک خط میں کہا ہے کہ سبھی طرح کی ضروری میڈیکل کٹ اور ماسک کے بنا ہم ڈیوٹی پر ہیں۔ ہمارے کئی ڈاکٹروں میں وائرس کی علامت ہے، لیکن یہاں کوئی سن ہی نہیں رہا ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: بہار کی راجدھانی پٹنہ کے نالندہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (این ایم سی ایچ)کے 83 جونیئر ڈاکٹروں نے کورونا وائرس سے خود کے متاثر ہونے کو لےکر تشویش کا اظہار کیا ہے۔دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، کورونا وائرس سے خود کے متاثر ہونے کے ڈر کی وجہ سے ان ڈاکٹروں نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھ کر خود کو 15 دنوں کے لیے کوارنٹائن کرنے کی اپیل کی ہے۔

معلوم ہو کہ کو رونا سے متاثر لوگوں کے علاج کے لیے این ایم سی ایچ کو بہار کا پہلا خصوصی اسپتال بنانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

این ایم سی ایچ کے جونیئر ڈاکٹروں نے اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو لکھےخط کو ریاست کےپرنسپل ہیلتھ سکریٹری سنجے کمار کو بھی بھیجا ہے۔ان جونیئر ڈاکٹروں نے اسپتال میں پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ(پی پی ای)، این 95 ماسک، دستانوں اور حفاظتی لباس کی کمی کو لےکر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

این ایم سی ایچ کے جونیئر ڈاکٹر ایسوسی ایشن کےصدرروی رنجن کمار رمن نے کہا، ‘سبھی طرح کی ضروری میڈیکل کٹ اور ماسک کے بنا ہم ڈیوٹی پر ہیں، جس وجہ سے وائرس سے ہمارے متاثر ہونے کی شدید خدشہ ہے۔ ہم میں سے کئی ڈاکٹروں میں وائرس کی علامت ہے لیکن یہاں کوئی سن ہی نہیں رہا۔’

انہوں نے کہا، ‘اسپتال میں پی پی ای کٹ، این 95 ماسک اور دیگر ضروری حفاظتی گیر کی بھاری کمی ہے۔ ہم ان آلات کے ملنے کا انتظار کر رہے ہیں تب تک ہم علاج کر رہے ہیں اور خود کے مرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہمارے ہیلتھ سکریٹری ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے معاملے کو ہینڈل کر رہے ہیں۔’

معلوم ہو کہ 23 مارچ کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس کے ایک مہینے کی تنخواہ کے برابر مددکی رقم کا اعلان کیا تھا۔ان جونیئر ڈاکٹروں نے اس رقم کا استعمال کر انہیں پی پی ای کٹ اور این 95 ماسک مہیا کرانے کو لےکر بھی خط لکھا ہے۔ملک کے یونائیٹڈ ریزیڈنٹ اینڈ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر این ایم سی ایچ کے جونیئر ڈاکٹروں کی حالت کی طرف  دھیان دلایا تھا۔

اس سے پہلے بہار کے پرنسپل ہیلتھ سکریٹری نے ریاست کے سبھی ضلعوں اور ضلع افسروں کو ایک تفصیلی ایڈوائزری جاری کر کےکو رونا وائرس وبا سے نپٹنے کے لیے بچاؤ ٹیموں کو مستعد رکھنے کو کہا تھا۔پی پی ای کٹ، این 95 ماسک کی بھاری کمی کو دیکھتے ہوئے سرکار نے ڈاکٹروں سے ایچ آئی وی پروٹیکشن کٹ کا استعمال کرنے کو کہا تھا۔

اس پر ڈاکٹروں نے کہا تھا، ‘ایچ آئی وی پروٹیکشن کٹ میں پوری طرح سے چہرہ کور نہیں ہوتا، اس میں آنکھوں کو محفوظ رکھنے کے لیے گوگلس بھی نہیں ہوتے۔

بتا دیں کہ بہار میں اب تک کو رونا سے 9 لوگوں کے متاثر ہونے کی خبر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایک کی موت ہو گئی ہے۔