خبریں

بہار: کو رونا کے مشتبہ لوگوں کی اطلاع  دینے پر نوجوان کا پیٹ پیٹ کرقتل، سات گرفتار

گزشتہ25 مارچ کو جھارکھنڈ کے پلامو ضلع میں کو رونا وائرس سے تحفظ کے مدنظر کچھ لوگوں کو گھر میں رہنے کی صلاح دینے پر ایک دکاندار کا پیٹ پیٹ کر قتل  کر دیا گیا تھا۔

(فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

(فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی:  بہار کے سیتامڑھی ضلع میں کو رونا وائرس کے مشتبہ لوگوں  کی اطلاع دینے پر ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل  کر دیا گیا ہے۔ معاملہ سیتامڑھی کے رونی سیدپور تھانے کے مدھول گاؤں کا ہے۔انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق، مدھول گاؤں کے رہنے والے ببلو کو مبینہ  طور پر دوسری  ریاستو ں سے آ رہے مشتبہ  کو رونا متاثرین  کی محکمہ صحت  کو جانکاری  دینے کی وجہ سے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا۔

ببلو نے اپنے گاؤں کو کو رونا سے بچانے کے لیے احتیاط  کی مثال پیش کرتے ہوئے انتظامیہ  کو اس کے بارے میں مطلع  کیا تھا لیکن اس وجہ سے پیٹ پیٹ کر ان کو مارڈالا گیا۔رپورٹ کے مطابق، مہاراشٹر سے دو مزدور اس ہفتے کی شروعات میں ہی مدھول گاؤں لوٹے تھے۔ ریاستی حکومت  کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ببلو نے مہاجر مزدوروں کے گاؤں میں آنے کی جانکاری  حکام کو دی۔

اس کے بعد محکمہ صحت  کے کچھ افسروں  کی ٹیم کو رونا وائرس جانچ کے لیے سیمپل اکٹھا کرنے کے ارادے سے ان دونوں مزدوروں کے گھر پہنچی تھی۔اس وجہ سے یہ دونوں مزدور غصے میں آ گئے اور سیمپل دینے کے بعد پانچ دوسرے لوگوں کے ساتھ سیدھے ببلو کے گھر پہنچے اور محکمہ صحت  کو جانکاری دینے کے لیے ان سات لوگوں نے مل کر بری طرح سے ببلو کی پٹائی کی، جس سے اس کی موت ہو گئی۔

اس کی جانکاری  ملنے پر مقامی  پولیس نے سبھی سات لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

معاملے کو لےکر مرکزی وزیر صحت  ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا، ‘بہار میں کو رونا وائرس کے مشتبہ لوگوں  کی جانکاری دینے والے نوجوان  کے بے رحمی سے قتل کی  خبر بے حد افسوس ناک  ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہمیں ایک سماج کے طور پر متحد ہوکر کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔ اس پر ہی ہندوستانی  سماج کا مستقبل  منحصر کرتا ہے۔ اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے نہ ہٹیں۔’

اس سے پہلے جھارکھنڈ میں کچھ لوگوں کو کو رونا وائرس سے تحفظ کے مد نظر گھر میں رہنے کی صلاح دینے کی وجہ سے ایک دکاندار کا پیٹ پیٹ کرقتل  کر دیا گیا تھا۔

مختلف  شہروں سے چار مزدور اپنے گاؤں لوٹے تھے، جنہیں جانچ کے بعد 14 دن تک اپنے گھر میں کوارنٹائن رہنے کا ہدایت دی گئی تھی، لیکن وہ گھومتے ہوئے ایک دکان پر پہنچ گئے تھے، تب 45 سالہ دکاندار کاشی ساؤ نے انہیں گھر میں رہنے کی صلاح دی تھی۔اسی بات پر انہیں بری طرح سے پیٹا گیا تھا اس کے بعد ہاسپٹل میں انہوں نے دم توڑ دیا تھا۔