خبریں

میگھالیہ میں صحت کی بنیاد پر شراب کی ہوم ڈلیوری کو منظوری

میگھالیہ حکومت کے احکامات  کے مطابق، اس کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم بنایا جائےگا، جس پر 21 سال یا اس سے زیادہ  عمر کے لوگ اپنے میڈیکل پرسکرپشن کو اپ لوڈ کر کےمتعلقہ ا ضلاع میں اتھارائزڈ شراب کے گوداموں سے آرڈر کر سکتے ہیں۔

علامتی تصویر،(فوٹو: پی ٹی آئی)

علامتی تصویر،(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کو رونا وائرس سے تحفظ کے مد نظر ملک بھر میں گزشتہ25 مارچ سے نافذ لاک ڈاؤن کو آٹھ دن ہو چکے ہیں۔ نارتھ- ایسٹ کی ریاستوں میں اس وبا کے انفیکشن کے اب تک دو معاملے درج کئے گئے ہیں۔لاک ڈاؤن کے مد نظر آسام نے جہاں غریبوں کو راحت دینے کے مقصد سے کچھ اعلان کئے ہیں، وہیں میگھالیہ میں ریاستی  سرکار نے صحت کی بنیاد پر ضرورت مندوں کو شراب کی ہوم ڈلیوری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، میگھالیہ کے آب کاری کمشنر بی سیامہ کی جانب سے  لکھےایک خط میں کہا گیا ہےکہ ، ‘ریاستی  حکومت نے میڈیکل پرسکرپشن کی بنیاد  پر ہی صحت کی بنیاد پرضرورت مندوں کو شراب کی ہوم ڈلیوری کی منظوری دی ہے۔’سرکار نے 14 اپریل تک شراب کی ہوم ڈلیوری کے حکم دیے ہیں۔

احکامات کے مطابق، اس کے لیے ایک آن لائن پلیٹ فارم بنایا جائےگا، جس پر 21 سال یا اس سے زیادہ  عمر کے لوگ اپنے میڈیکل پرسکرپشن کو اپ لوڈ کر سکتے ہیں اور متعلقہ ا ضلاع میں اتھارائزڈ شراب کے گوداموں سے  آرڈر کر سکتے ہیں۔اس بیچ آسام سرکار نے اعلان کیا ہے کہ 58 لاکھ فیملی کو این ایف ایس اے کے تحت ایک اپریل سے مفت چاول دستیاب کرائے جائیں گے۔ یہ فیصلہ سوموار رات کو کابینہ میٹنگ میں لیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی سرکار ایسے گھروں  کو 1000 روپے کی نقد رقم  دے گی ، جن کے پاس این ایف ایس اے  کارڈ نہیں ہے۔اس کے ساتھ ہی لگ بھگ 2.7 لاکھ رجسٹرڈ مزدوروں کو ریاستی حکومت 1000 روپے بھی دےگی۔وہیں، سرکار نے حلقے میں سالانہ سیلاب کو دھیان میں رکھتے ہوئے ایک اپریل سے تعمیراتی  اور مرمت کا کام تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسام  کی سربانند سوناوال سرکار نے لاک ڈاؤن کے بیچ کئی طرح کی رعایتیں بھی دی ہیں، جو ایک اپریل سے نافذ ہو رہی ہیں۔ ریاست میں چاول اور آٹا مل کے ساتھ بسکٹ فیکٹریوں کو چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔