خبریں

کورونا: آئی سی ایم آر نے کہا، عوامی مقامات پر تمباکو کا نہ تو استعمال کریں اور نہ ہی تھوکیں

آئی سی ایم آر نے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر تھوکنا کو رونا وائرس کو اور پھیلا سکتا ہے۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ(آئی سی ایم آر) نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمباکو کا استعمال  نہ کریں اور نہ ہی عوامی مقامات پر تھوکیں۔آئی سی ایم آر نے کہا کہ تمباکو مصنوعات(پان مسالہ تمباکو کے ساتھ، پان اوردوسری  چبانے والی تمباکومصنوعات)اور سپاری تھوک  میں اضافہ کرتے ہیں جس کے بعد تھوکنے کی بہت شدید خواہش ہوتی ہے۔

آئی سی ایم آر  نے کہا، ‘عوامی مقامات پر تھوکنا کو رونا وائرس کو اور پھیلا سکتا ہے۔ وباکے بڑھتے خطرے کے مد نظر عوام  سے اپیل ہے کہ تمباکو مصنوعات  کے استعمال اور عوامی مقامات پر تھوکنے سے پرہیز کریں۔’

معلوم ہو کہ سوموار کی صبح وزارت صحت کی جانب  سے جاری اعدادوشمار کے مطابق، ملک میں کو رونا وائرس کی وجہ سے  مرنے والوں  کی تعداد 109 ہو گئی، جبکہ متاثرین کی کل تعداد 4067 ہو گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق، ملک میں اب بھی 3666 متاثرین  ہیں جبکہ 291 لوگوں کو علاج کے بعد ہاسپٹل سے چھٹی دے دی گئی۔کل معاملوں میں 65 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔کو رونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے بخار،زکام، سانس لینے میں تکلیف، ناک بہنا اور گلے میں خراش جیسی پریشانی  ہوتی ہے۔ چھینکنے، کھانسنے کے علاوہ تھوکنے سے اس وائرس کے پھیلنے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

(خبررساں ایجنسی  بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)