معاملہ کرناٹک کے تمکر ضلع کا ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے ایم جئے رام کو سالگرہ کی تصویروں میں سفید رنگ کے دستانے پہن کر کیک کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے، لیکن ان کے آس پاس کھڑے لوگوں نے نہ ماسک پہنا ہے اور نہ ہی سوشل ڈسٹنسنگ کے کسی ضابطے پر عمل کیاہے۔
نئی دہلی: کو رونا وائرس کے مد نظرملک میں جاری لاک ڈاؤن کے بیچ کرناٹک کے تمکر ضلع میں بی جے پی ایم ایل اے ایم جئے رام نے اپنے حامیوں کے ساتھ سالگرہ منائی ، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، کرناٹک کے ترویکیرے سے ایم ایل اے ایم جئے رام نے جمعہ کو بنگلور سے 90 کیلومیٹر دور گبی گاؤں میں اپنے حامیوں کی ایک بڑی تعدادکے ساتھ اپنی سالگرہ منائی ۔لاک ڈاؤن کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ اس میں شامل ہوئے۔
Karnataka: BJP MLA from Turuvekere M Jayaram today celebrated his birthday with villagers in Gubbi taluk, Tumkur, during lockdown for prevention of COVID19 transmission. pic.twitter.com/nNSpPLTBmU
— ANI (@ANI) April 10, 2020
بی جے پی ایم ایل اے ایم جئے رام کو سالگرہ کی تصویروں میں سفید رنگ کے دستانے پہن کر کیک کاٹتے دیکھا جا سکتا ہے، لیکن ان کے آس پاس کھڑے لوگوں نے نہ ماسک پہنا ہے اور نہ ہی سوشل ڈسٹنسنگ کے کسی ضابطے پر عمل کیا۔اس دوران ایم ایل اے نےلوگوں کے بیچ بریانی بھی بٹوائی۔
بتا دیں کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا یہ کوئی پہلا معاملہ نہیں ہے۔اس سے پہلے کرناٹک کے وزیراعلیٰ 15 مارچ کو بیلگاوی میں ایک بی جے پی رہنما کی شادی کی تقریب میں پہنچے تھے۔اس کے ایک دن بعد کرناٹک میں کانگریس رہنما ڈی کے شیوکمار کو ریاستی کانگریس کا صدر چنا گیا۔ ان کے استقبال میں سینکڑوں کانگریسی کارکن ہوائی اڈے سے لےکر پارٹی دفتر تک موجود تھے۔
وہیں اس سے پہلے مہاراشٹر کے وردھا ضلع میں بی جے پی کے ایک ایم ایل اے نے مبینہ طور پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی سالگرہ کے موقع پر لوگوں کو اناج بانٹاتھا۔ بی جے پی ایم ایل اے داداراو کیچے نے اپنی سالگرہ پر سماجی دوری کے ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی سالگرہ منائی تھی اور کچھ لوگوں کو اناج بانٹا۔ ان کے گھر کے باہر 200 کے قریب لوگ جمع ہوئے تھے۔
کرناٹک میں کو رونا کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ ریاست میں کو رونا کے 10 نئے معاملوں میں دو بچے بھی ہیں، جن میں ایک آٹھ سال کا بچہ اور ایک 11 سال کی بچی ہے۔ریاست میں کو رونا وائرس سے اب تک 207 لوگ متاثرہیں جبکہ مرنے والوں کی تعداد چھ ہے۔
معلوم ہو کہ کو رونا وائرس کے مد نظر مرکزی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے جو 14 اپریل تک جاری رہےگا۔
Categories: خبریں