خبریں

مزدور ملک کی ریڑھ ہیں، ان کے گھر لوٹنے کا ٹکٹ خرچ کانگریس برداشت کرے گی: سونیا گاندھی

ریلوے نے مہاجر مزدوروں کی آمدورفت کے لیے ملک  بھر میں شرمک اسپیشل ٹرینیں چلائی ہیں۔ مرکزی حکومت نے ان میں سفرکرنے والوں سے کرایہ لینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آرجے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے بھی شروعاتی 50 ٹرینوں کا کرایہ دینے کی بات کہی ہے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی(فوٹو: پی ٹی آئی)

کانگریس صدر سونیا گاندھی(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: کو رونا وائرس کے مدنظر لاک ڈاؤن کے بیچ ملک  بھر میں پھنسے مزدوروں کی گھر واپسی کے لیے اسپیشل شرمک ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں لیکن مزدوروں کو اس کا کرایہ دینا پڑ رہا ہے۔مزدوروں سے کرایہ وصول کرنے کے فیصلے کی تنقید کے بعد کانگریس  نے ان مزدوروں  کے سفر کا خرچ اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔

کانگریس صدرسونیا گاندھی نے بیان جاری کرکے کہا کہ ملک بھر میں پھنسے مزدوروں کی گھر واپسی کے لیے ریل کے ٹکٹ  کا خرچ کانگریس پارٹی اٹھائےگی۔

کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کرکے کہا گیا، ‘کانگریس نے یہ فیصلہ  کیا ہے کہ ریاستی کانگریس کمیٹی کی ہر اکائی ہر ضرورت مند مزدوراورورکر کے گھر لوٹنے کا ٹکٹ خرچ برداشت کرےگی اور اس بارے میں ضروری قدم اٹھائےگی۔’

کانگریس پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے سونیا گاندھی کا یہ بیان جاری کیا گیا ہے۔سونیا گاندھی نے کہا، ‘مزدوراورمحنت کش ملک  کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کی محنت اور قربانی نیشن بلڈنگ  کی بنیاد ہیں۔ صرف چار گھنٹے کی نوٹس پر لاک ڈاؤن کرنے کی وجہ سے لاکھوں محنت کش اور مزدور گھر واپس لوٹنے سے محروم  ہو گئے۔ 1947 کے بٹوارے کے بعد ملک  نے پہلی بار یہ دل دہلانے والا منظر دیکھا کہ ہزاروں محنت کش اور مزدور سینکڑوں کیلومیٹر پیدل چل کرگھر واپسی کے لیے مجبور ہو گئے۔ نہ راشن، نہ پیسہ، نہ دوائی، نہ وسائل صرف اپنے گھر والوں کے پاس واپس گاؤں پہنچنے کی لگن۔ ان کی تکلیف سوچ کر ہی ہردل  کانپ گیا اور پھر ان کے مضبوط ارادے اور یقین کو ہر ہندوستانی نے سراہا بھی۔’

بیان میں کہا گیا، ‘ریاست اور سرکار کی ذمہ داری کیا ہے؟ آج بھی لاکھوں محنت کش اورمزدور پورے ملک  کے الگ الگ کونوں سے گھر واپس جانا چاہتے ہیں لیکن نہ وسائل ہیں، اور نہ پیسہ۔ دکھ کی بات یہ ہے کہ حکومت ہنداوروزارت ریل ان محنت کشوں سے مشکل کی اس گھڑی میں ریل کا کرایہ وصول کر رہی  ہے۔’

(فوٹو: پی ٹی آئی)

(فوٹو: پی ٹی آئی)

انہوں نے کہا، ‘محنت کشن اور مزدور نیشن بلڈنگ کے سفیر ہیں۔ جب ہم دوسرے ملکوں  میں پھنسے ہندوستانیوں کو اپنی  ذمہ داری  سمجھ کر ہوائی جہازوں سے مفت واپس لےکر آ سکتے ہیں، جب ہم گجرات کے صرف ایک پروگرام  میں سرکاری خزانے سے 100 کروڑ روپے ٹرانسپورٹ اور کھانے وغیرہ پر خرچ کر سکتے ہیں، جب وزارت ریل وزیر اعظم  کے کو رونا فنڈ میں 151 کروڑ روپے دے سکتا ہے، تو پھر ترقی کے ان علمبرداروں کو مصیبت کی اس گھڑی میں مفت ریل سفرکی سہولت کیوں نہیں دے سکتے؟’

کانگریس صدرسونیا گاندھی نے کہا، ‘کانگریس نے محنت کش ، ورکراور مزدوروں کی اس مفت ریل سفر کی مانگ کو بار بار اٹھایا ہے، بدقسمتی  سے نہ سرکار نے ایک سنی اور نہ ہی وزارت ریل نے۔ اس لیے کانگریس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی  کانگریس کمیٹی کی ہر اکائی ہرضرورت مند محنت کش اور مزدوروں کے گھر لوٹنے کےلیےریل ٹکٹ کاخرچ برداشت کرےگی اور اس بارے میں ضروری قدم اٹھائےگی۔ محنت کشوں  کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑے ہونے کی انسانی خدمت کے اس عزم میں کانگریس کی  یہ خدمت ہوگی۔

وہیں، راشٹریہ جنتا دل (آرجےڈی)رہنما تیجسوی یادو نے بھی اعلان کیا ہے کہ راشٹریہ جنتا دل شروعاتی طور پر بہار سرکار کو اپنی طرف سے 50 ٹرینوں کا کرایہ دینے کو تیار ہے۔

تیجسوی نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘ہم غریب بہاری مزدور بھائیوں کی طرف سے ان 50 ریل گاڑیوں کا کرایہ نااہل بہار سرکار کو دیں گے۔ سرکار آئندہ  پانچ دنوں میں ٹرینوں کا بندوبست کریں، پارٹی اس کا کرایہ فوراً سرکار کے کھاتے میں ٹرانسفر کرےگی۔

بتا دیں کہ ریلوے نے کو رونا وائرس وبا کے مد نظر 25 مارچ سے ملک بھر میں جاری  لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف ریاستوں  میں پھنسے مہاجرمزدوروں، عقیدت مندوں،سیاحوں،طلبا اوردوسرے لوگوں کی واپسی کے لیے ایک مئی سے اسپیشل  نان سٹاپ ‘شرمک ٹرینیں’ شروع کی ہیں۔

حالانکہ، مختلف ریاستوں  میں پھنسے لوگوں کو اسپیشل ٹرینوں سے سفرکرنے کی اجازت دینے کے بعد وزارت ریل  نے اس بارےمیں گائیڈ لائن جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق ‘شرمک ٹرینوں’سے سفر کرنے والے لوگوں سے کرایہ وصول کیا جائےگا۔ریلوے نے کو رونا وائرس کی وجہ سے جاری  لاک ڈاؤن میں پھنسے لوگوں کے سفر کو لےکر گزشتہ سنیچر کو کل 19 طرح کے احکامات جاری کئے، جس میں ریاستی سرکاروں کے ذریعے مزدوروں،طلبا وغیرہ  سے ٹرین کا کرایہ وصول کرنے کی بھی بات شامل ہے۔