خبریں

دہلی: ایمس میں ایک اور مریض نے مبینہ طور پر پھانسی لگاکر جان دی

پولیس نے بتایا کہ 35سالہ راج منی ستار مدھیہ پردیش کے ستنا کے رہنے والے تھے۔ پانچ چھ مہینے پہلے ان کی آنت کا آپریشن ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ہی وہ ایمس میں بھرتی تھے۔ پچھلے دو ہفتوں میں ایمس میں مبینہ طور پر خودکشی  کایہ تیسرامعاملہ ہے۔

(فوٹوبہ شکریہ: اے این آئی)

(فوٹوبہ شکریہ: اے این آئی)

نئی دہلی: ایمس میں جمعرات کی صبح ایک مریض نے مبینہ طور پر باتھ روم میں پھانسی لگاکر خودکشی کر لی۔ پچھلے دو ہفتوں میں ایمس میں خودکشی  کایہ تیسراواقعہ  ہے۔خبررساں  ایجنسی اےاین آئی کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ ایمس میں بھرتی ایک مریض نے پھانسی لگاکر خودکشی کر لی۔ کوئی سوسائیڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

جنوبی ضلع کے ڈی ایس پی اتل ٹھاکر نے بتایا کہ 35سالہ راج منی ستار مدھیہ پردیش کے ستنا کے رہنے والے تھے۔ پانچ چھ مہینے پہلے ان کی آنت کا آپریشن ہوا تھا۔ اس کے بعد سے ہی وہ ایمس میں بھرتی تھے۔انہوں نے آگے بتایا کہ جمعرات کی صبح انہوں نے اسپتال کے باتھ روم میں پھانسی لگاکر خودکشی کر لی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے اوراہل خانہ کو جانکاری دے دی ہے۔

ٹائمس آف انڈیا کے مطابق، ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ کافی لمبے وقت  سے اپنا علاج کرا رہے تھے اور ہو سکتا ہے کہ اس وجہ سےوہ ڈپریشن میں چلے گئے ہوں۔ان کی لاش  صبح پانچ بجے اسپتال کے اسٹاف کو باتھ روم میں ملی، جہاں وہ کھڑکی میں لگی گرل پر ایک کپڑے سے لٹکے ہوئے تھے۔

بتا دیں کہ پچھلے دو ہفتوں میں ایمس میں خودکشی کایہ تیسراواقعہ ہے۔ پچھلے ہفتے ایمس کے ایک 25 سالہ جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر نے ایک ہاسٹل کی دسویں منزل سے مبینہ طور پر چھلانگ لگا دی، جس سے ان کی موت ہو گئی تھی۔ان  کی پہچان انوراگ کمار کے طورپر کی گئی ہے اور وہ شعبہ نفسیات میں جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر تھے۔

وزیرصحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا تھا کہ انوراگ کمار پچھلے کچھ وقت  سے ڈپریشن کا علاج چل کرارہے تھے اور انہوں نے اپنی جان لے لی۔وہیں، گزشتہ  چھ جولائی کو ایمس میں ہی کورونامتاثر ایک37سالہ صحافی ترون سسودیا نے ایمس کی چوتھی منزل سے مبینہ طور پر کود کر خودکشی کر لی تھی۔

سسودیا کی موت کو لےکر ایمس انتظامیہ پر سوال اٹھے تھے، جس کے بعد وزیرصحت نے معاملے کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی  بنائی   تھی۔کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد وزیر صحت نے کہا تھا، ‘کمیٹی  کو سسودیا کی موت کے سلسلے میں کسی غلط نیت کا پتہ نہیں چلا ہے۔ کمیٹی  کو کووڈ 19 کے علاج کے پروٹوکال میں کسی طرح کی خامی بھی نہیں ملی ہے۔’

حالانکہ اس معاملے میں وزیرصحت نے ایمس کے ٹراما سینٹر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو بدلنے کا آرڈر دے دیا تھا۔

(خبررساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)