خبریں

لالو یادو نے مودی اور بی جے پی کو بنایا نشانہ، کہا – اکھاڑ کے پھینک دیں گے

راشٹریہ جنتا دل کے 26ویں یوم تاسیس کے موقع پر  زمین کے بدلے نوکری کے معاملے میں سی بی آئی کی چارج شیٹ کا براہ راست ذکرکیے بغیر بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے کہا کہ زیادہ ناانصافی اور ظلم ٹھیک نہیں ہے ، ظلم کرنے والا ٹھہرا نہیں ہے۔ جس دن آپ (نریندر مودی) اقتدار میں نہیں رہیں گےاس دن آپ کا کیا ہوگا۔

لالو پرساد یادو۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

لالو پرساد یادو۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سی بی آئی کی طرف سے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد اور ان کے اہل خانہ کے خلاف چارج شیٹ دائر ہونے کے چند دنوں بعد انہوں نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ سوچیں کہ اقتدار کھونے کے بعد ان کا کیا ہوگا اور اعلان کیا کہ اپوزیشن ان کی حکومت کو ‘اکھاڑ پھینکے گی’۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے 26 ویں یوم تاسیس کے موقع پر لالو نے زمین کےبدلے نوکری کے معاملے میں سی بی آئی کی چارج شیٹ کا براہ راست ذکر کیے بغیر،’اپنی خواہش کے مطابق کسی کے بھی خلاف معاملہ درج کرنے’ کے لیے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا، ‘اب الیکشن آرہا ہے، آپ کو معلوم ہوگا کہ نتیش جی کی پہل پر ان کی رہائش گاہ پر ملک بھر کے 17پارٹی لیڈرآئے تھے اور پھر ہم بنگلور میں میٹنگ کر رہے ہیں۔ اکھاڑ کے پھینک دیں گے نریندر مودی۔ جس پر چاہتا ہے کیس کروا دیتا ہے،مقدمہ کروا دیتا ہے۔ زیادہ ناانصافی اور ظلم ٹھیک نہیں ہے، ظلم کرنے والا زیادہ ٹھہرا نہیں ہے۔مقدمہ کرو، …لیکن جب  تم نہیں (اقتدار میں)  رہوگےتوتمہارا  کیا حال ہو گا۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، آر جے ڈی سپریمو لالو یادو نے یہ بھی یاد کیا کہ کس طرح ان کی پارٹی 1997 میں مشکل حالات میں بنائی گئی تھی جب وہ مقدمہ کا سامنا کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا، ‘لیکن ہم نے چیلنج کا سامنا کیا اور آر جے ڈی طاقت کے ساتھ ابھری۔ اب جب فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے اور سماج کو توڑنے کی کوشش کی گئی ہے تو ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ بی آر امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کے ساتھ کھیلنے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔

آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ اور پارٹی کے قومی نائب صدر شیوانند تیواری دیگر اہم رہنماؤں نے پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی۔