خبریں

اترپردیش : مہنگائی کے مدعے پر بی جے پی بھی کانگریس کے راستے پر چل رہی ہے ؛ مایاوتی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو لے کر اس وقت جہاں کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت پر حملہ آور ہیں وہیں مایاوتی نے  کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بینگلورو میں ایچ ڈی کمارسوامی کی حلف برداری کے دوران اسٹیج پر یو پی اے صدر سونیا گاندھی اور بی ایس پی رہنما مایاوتی (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

بینگلورو میں ایچ ڈی کمارسوامی کی حلف برداری کے دوران اسٹیج پر یو پی اے صدر سونیا گاندھی اور بی ایس پی رہنما مایاوتی (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی :بہوجن سماج پارٹی سپریمو مایاوتی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کو لے کر کانگریس اور بی جے پی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مایاوتی نے کہا ہے کہ بڑھتی قیمتوں کے پیچھے بی جے پی اور کانگریس دونوں ذمہ دار ہیں ۔ مایا وتی نے کہا کہ بی جے پی بھی اسی راستے پر چل رہی ہے جس پر چل کر کانگریس نے ملک کو معاشی بدحالی میں جھونکا ہے۔

مایاوتی کے ذریعے کا نگریس کو نشانہ بنائے جانے کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔ غور طلب ہے کہ راہل گاندھی اس کوشش میں مصروف ہیں کہ لوک سبھا انتخابات اور مدھیہ پردیش انتخاب سے پہلے بہوجن سماج پارٹی کے ساتھ اتحاد ہوجائے۔قابل ذکر ہےکہ تیل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر اس وقت کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت پر حملہ آور ہیں ۔ اس سلسلے میں سوموار کو کانگریس کی طرف سے بھارت بند کیا گیا تھا۔ اس بھارت بند کو سماجوادی پارٹی ، ڈی ایم کے، بی جے ڈی ، این سی پی، آر جے ڈی ، جےڈی ایس، جھارکھنڈ مکتی مورچہ، جھارکھنڈ وکاس مورچہ سمیت تمام پارٹیوں نے اپنی حمایت دی تھی۔

کانگریس نے 21 پارٹیوں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیاتھا۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے؛اس حکومت نے کئی ایسے کام کیے ہیں جو ملک کے مفاد  میں  نہیں تھے، اس حکومت کو بدلنے کا وقت جلد ہی آئے گا۔ایسے وقت میں مایاوتی کے ذریعے کانگریس کو نشانہ بنائے جانے کے کئی سیاسی معنی نکالے جارہے ہیں ۔دریں اثنابی جے پی حکومت کا دعویٰ ہے کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ گلوبل ہے ،یوپی اے کے وقت میں تو اس سے زیادہ مہنگائی تھی ۔

امر اجالا کی ایک خبر کے مطابق؛ مایاوتی نے کہا کہ مہنگائی کے مدعے پر بی جے پی اور کانگریس ایک ہی تھیلی کے چٹے بٹے ہیں ۔غور طلب ہے کہ کانگریس کے ذریعے بلائے گئے بھارت بند میں بھی مایاوتی کی پارٹی بہوجن سماج پارٹی شامل نہیں ہوئی تھی ۔بی ایس پی چیف مایاوتی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اپنے صنعت کار دوستوں کو ناراض نہیں کر نا چاہتی اس لیے تیل کی قیمتوں کو کم نہیں کرنا چاہتی ۔ موجودہ حکومت بھی یوپی اے کی طرح ہی فیصلے لے رہی ہے۔انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ اس حکومت نے عوام کو لاچار بنادیا ہے ۔آئندہ انتخابات میں عوام بی جے پی کو سبق سکھائے گی۔