خبریں

گجرات یقینی طور پر شہریت ترمیم قانون اور این آر سی نافذ کرے گا: وزیراعلیٰ وجئے روپانی

گجرات کے وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹی شہریت ترمیم قانون اور مجوزہ این آر سی کے خلاف کچھ ریاستوں میں ہو رہے مظاہروں کے لیے ذمہ دار ہیں۔

فوٹو: ٹوئٹر@BJP4Gujarat

فوٹو: ٹوئٹر@BJP4Gujarat

نئی دہلی:گجرات کی بی جے پی حکومت  یقینی طور پر مجوزہ این آر سی  اور شہریت ترمیم  قانون نافذ کرے گی۔ وزیراعلیٰ وجئے روپانی نے بدھ کو یہ بات کہی۔ روپانی نے کہا کہ ریاست  این آرسی اور سی اے اے  دونوں کو نافذ  کرنے کے لئے پر عزم ہے اور گجرات یقینی طور پر انہیں نافذ  کرے گا۔انہوں نے کہا، ‘وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شہریت ترمیم  قانون کے اہتمام ہندوستان  کے کسی شہری  کے لیے پریشانی پیدا نہیں کریں گے۔’

اپنے دعووں کے بارے میں کوئی پختہ ثبوت مہیا کرائے بنا انہوں نے کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں  کو قانون اور مجوزہ این آر سی کے خلاف کچھ ریاستوں میں ہو رہے مظاہروں کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا۔شہریت ترمیم  قانون (سی اے اے) میں افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مذہبی بنیاد  پر استحصال  کے شکار غیر مسلموں کو ہندوستان کی شہریت دینے کا اہتمام  ہے۔

بتا دیں کہ، غیراین ڈی اے پارٹی کی حکومت والی ریاستوں کے وزیر اعلیٰ نے اپنی ریاستوں  میں شہریت ترمیم قانون نافذ  کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اب تک، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، کیرل کے پنارئی وجین، پنجاب کے امریندر سنگھ، مدھیہ پردیش کے کمل ناتھ، چھتیس گڑ کے بھوپیش بگھیل، دہلی کے اروند کیجریوال اور راجستھان کے اشوک گہلوت نے کہا کہ وہ اپنی ریاستوں  میں شہریت ترمیم  قانون کو نافذ  نہیں ہونے دیں گے۔

وہیں، مہاراشٹر میں شیوسینا کی قیادت والی حکومت نے کہا کہ ان کی ریاست  میں شہریت ترمیم  قانون کو نافذ  کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر منحصر  ہوگا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)