خبریں

کورونا وائرس: اب تک ملک میں 8 لوگوں کی موت، ایک دن میں تین لوگوں نے دم توڑا

مہاراشٹر، بہار اور گجرات میں گزشتہ اتوار کو کورونا وائرس کے انفیکشن سےتین لوگوں کی موت۔ بہار میں 38 سالہ ایک شخص کی موت ہوئی، جو اب تک مرنے والوں میں سب سے کم عمر کے تھے۔

(فوٹو : رائٹرس)

(فوٹو : رائٹرس)

نئی دہلی: گزشتہ اتوار کو جنتا کرفیو کے دوران تین اور لوگوں کی موت کےبعد ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔یہ تینوں اموات بہار، مہاراشٹر اور گجرات میں ہوئیں۔بہار میں اتوار کو 38 سالہ ایک شخص کی موت کورونا وائرس کی وجہ سے ہو گئی۔مونگیر کا رہنے والا یہ شخص پٹنہ واقع ایمس میں بھرتی تھا اور ان کو گردہ سے متعلق شدید مسئلہ بھی تھا۔

گزشتہ20 فروری کو قطر سے لوٹنے کے بعد کورونا وائرس کی علامت پائے جانے کے بعد ان کو ہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ بہار میں کورونا وائرس سےموت کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ ملک میں اب تک جنتے لوگوں کی موت کورونا وائرس کےانفیکشن سے ہوئی، ان میں ممکنہ طور پر یہ شخص سب سے کم عمرکا تھا۔

اتوار کو دوسری موت مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں درج کی گئی۔ کوروناوائرس سے متاثر 63 سالہ ایک شخص نے ایک نجی ہسپتال میں دم توڑ دیا۔ ان کوذیابطیس، ہائی بلڈ پریشر اور دل سے متعلق مسئلہ بھی تھا۔سانس سے متعلق شدیدمسئلہ کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ممبئی میں کورونا وائرس سے ہونے والی یہ دوسری موت ہے۔

وہیں گجرات میں اتوار کو کورونا وائرس سے موت کا پہلا معاملہ درج کیا گیا۔یہاں وائرس سے متاثرہ69 سالہ ایک شخص نے سورت کے ایک ہسپتال میں دم توڑ دیا۔اس سے پہلے گزشتہ19 مارچ کو پنجاب کے ضلع نواں شہر کے ایک ہسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ 72 سالہ ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔

ملک میں کورونا وائرس سے موت کا سب سے پہلا معاملہ کرناٹک میں ہی سامنے آیاہے۔کرناٹک میں کلبرگی کا رہنے والا 76 سالہ ایک بزرگ کی موت کورونا وائرس کےانفیکشن سے گزشتہ 10 مارچ کی رات کو ہوئی تھی۔ یہ شخص سعودی عرب سے لوٹا تھا۔اس کے علاوہ قومی راجدھانی دہلی میں بھی گزشتہ 13 مارچ کو 68 سالہ ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ان کو رام منوہر لوہیاہسپتال میں بھرتی کرایا گیا تھا۔

اس بزرگ خاتون کو اپنے بیٹے کے رابطہ میں آنے سے کورونا کا انفیکشن ہواتھا۔ متاثرہ کا بیٹا جاپان، جنیوا اور اٹلی سے ہوتا ہوا دہلی لوٹا تھا۔ ان کوذیابطیس اور ہائی بلڈ پریشر کا بھی مسئلہ تھا۔اس کے علاوہ گزشتہ17 مارچ کو کورونا وائرس کے انفیکشن سے ممبئی میں 63 سالہ ایک شخص کی موت ہو گئی تھی۔ ان کو ہائی بلڈ پریشر اور دل سےمتعلق دقتیں تھیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، کورونا وائرس سے تحفظ کے مدنظر غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے پورے ملک کی 22 ریاستوں اور یونین ٹریٹری کے 75اضلاع میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ تمام پیسنجر ٹرینیں، بین ریاستی بسیں اور میٹرو ٹرین خدمات کوبھی 31 مارچ تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں کو بھی 31 مارچ تک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

دہلی، جھارکھنڈ، پنجاب، اور نگالینڈ میں ریاست گیر لاک ڈاؤن کا اعلان کیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔